ظہیرآباد۔ 6 مئی(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ظہیرآباد کے مضافاتی علاقہ قومی شاہراہ ایک خوفناک سڑک حادثہ پیش آیا، جس میں دو نوجوان جاں بحق جبکہ چار دیگر شدید زخمی ہوگئے۔ رنگا ریڈی ضلع کے چیوڑلہ منڈل کے کیسارم گاؤں سے تعلق رکھنے والے کاسولا مہیش گوڑ (27) اپنے دوستوں اور رشتہ داروں کے ہمراہ پیر کی رات مہاراشٹر کے تلجا پور میں واقع بھوانی ماتا کے درشن کے لیے گئے تھے۔ درشن کے بعد منگل کی صبح واپسی کے دوران ظہیرآباد کے مضافات میں پستاپور فلائی اوور کے قریب ان کی VENUE کار (نمبر: TS 07 GY 4934) سڑک پر کھڑی ایک ٹاٹا ٹرالی آٹو (نمبر: MH 25 AJ 3369) سے پیچھے سے زور دار ٹکرا گئی۔ اس حادثے میں کار کی اگلی نشست پر بیٹھے کاسولا مہیش گوڑ (27) اور پچھلی نشست پر موجود میلاپورم روہت کمار (17) شدید زخموں کے باعث موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے ۔کار میں سوار دیگر افراد، جن میں نامپلی کارتیک (27)، آنند سائی (9)، نتن گوڑ (6) اور کے نرسملو (32) شامل ہیں، شدید زخمی ہوگئے۔ انہیں بہتر علاج کے لیے حیدرآباد کے کانٹینینٹل اسپتال منتقل کیا گیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثے کی وجہ ٹرالی آٹو ڈرائیور کی لاپرواہی بتائی جا رہی ہے، جس نے بغیر کسی اشارے یا وارننگ سگنل کے گاڑی سڑک پر کھڑی کی تھی۔ متوفی کے والد کاسولا سدرشن گوڑ کی شکایت پر سب انسپکٹر کے۔ ونئے کمار، ظہیرآباد ٹاؤن پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔ نعشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ظہیرآباد کے سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا۔