عباس عراقچی کا اہم مذاکرات کیلئے بغداد کا ہنگامی دورہ

   

تہران / بغداد : 28جون ( یوا ین آئی ) ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی سرکاری دورے پر عراق کے دارالحکومت بغداد روانہ ہو گئے ہیں جہاں وہ عراقی قیادت کے ساتھ دوطرفہ تعلقات، علاقائی سلامتی اور مشرقِ وسطیٰ کی تازہ صورتحال پر اہم مذاکرات کریں گے۔ایرانی وزیر خارجہ نے ٹیلیگرام پر جاری اپنے پیغام میں بتایا کہ وہ بغداد میں عراق کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے علاوہ خطے میں جاری سیاسی اور سیکیورٹی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔رپورٹس کے مطابق حالیہ علاقائی کشیدگی، ایران اور امریکہ کے درمیان جاری سفارتی رابطوں، خلیجی سلامتی، عراق کی داخلی صورتحال اور خطے میں استحکام کے لیے مشترکہ تعاون بھی مذاکرات کے اہم نکات میں شامل ہونے کا امکان ہے۔تجزیہ کاروں کے مطابق ایران اور عراق کے درمیان قریبی سفارتی روابط خطے کی موجودہ صورتحال میں غیر معمولی اہمیت اختیار کر گئے ہیں، کیونکہ دونوں ممالک مختلف علاقائی اور سیکیورٹی معاملات پر مسلسل مشاورت جاری رکھے ہوئے ہیں۔