عوام میں ٹریفک سیفٹی اور دیگر پر شعور بیداری

   

صنعتی نمائش میں ٹریفک و دیگر اسٹالس کا افتتاح، کمشنر پولیس سی وی آنند کا خطاب
حیدرآباد۔/11جنوری، ( سیاست نیوز) پولیس کمشنر حیدرآباد مسٹر سی وی آنند نے آج کُل ہند صنعتی نمائش میں ٹریفک اسٹال کے علاوہ دیگر اسٹالس کا بھی افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ نمائش حیدرآباد کی تہذیب کا حصہ ہے اور اس کے ذریعہ بین ریاستی صنعت کار اور تاجرین کاروبار کو فروغ دیتے ہیں ۔کمشنر نے کہا کہ وہ بھی بچپن سے نمائش کا مشاہدہ کرتے رہے ہیں۔ پولیس کمشنر نے ٹریفک اسٹال کا افتتاح کرنے کے بعد کہا کہ اس اسٹال کے ذریعہ عوام میں ٹریفک قوانین، روڈ سیفٹی اور دیگر امور کے سلسلہ میں شعور بیداری آئے گی۔ انہوں نے بتایا کہ نمائش میں خواتین کے تحفظ کیلئے شی ٹیمس کے علاوہ سی سی ٹی وی کیمرے اور مقامی پولیس کی کرائم ٹیموں کو سادہ لباس میں ڈیوٹی پر تعینات کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد ٹریفک پولیس اسٹال میں عوام کو یہ بھی واقف کرایا جارہا ہے کہ کس طرح لیزر اسپیڈ گن، باڈی کیمرہ اور دیگر عصری آلات استعمال کئے جارہے ہیں۔ ڈرگس کے انسداد کیلئے بھی قائم کی گئی خصوصی ٹیم کے بارے میں بھی انہوں نے بتایا کہ کالجس اور دیگر تعلیمی اداروں میں ڈرگس کے استعمال کے خلاف شعور بیداری مہم چلائی جارہی ہے اور اس سلسلہ میں ہیلپ لائنس بھی لگائے گئے ہیں۔ پولیس کمشنر کے دورہ صنعتی نمائش کے موقع پر سٹی پولیس کے ایڈیشنل کمشنر آف پولیس لاء اینڈ آرڈر وکرم سنگھ مان، ایڈیشنل کمشنر ٹریفک بی سدھیر بابو، ایڈیشنل کمشنر کرائمس اے آر سرینواس، نمائش سوسائٹی کے سکریٹری اشوین مارگم ، سوسائٹی کے دیگر ارکان بھی موجود تھے۔ب