فرانس میں چرچ کے قریب چاقو سے حملہ ، خاتون سمیت 3 افراد ہلاک

,

   

پیرس : فرانس کے خلاف دنیا بھر میں جاری احتجاج کے درمیان آج اس کے شہر نیس کے ایک چرچ کے قریب چاقو سے حملہ کا واقعہ پیش آیا جس میں ایک خاتون سمیت 3 افراد ہلاک ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کو ایک چرچ کے قریب چاقو بردار شخص نے 2 افراد کو چاقو کے وار کرکے قتل کیا جبکہ ایک خاتون کا سر قلم کرنے کی بھی اطلاع ہے۔ نیس شہر کے میئر نے واقعے کو دہشت گردی قرار دیا ہے۔پولیس نے کہا کہ واقعہ جمعرات کی صبح تقریباً 9 بجے نیس شہر میں نوٹرڈیم چرچ کے قریب پیش آیا ۔ میئر کرسچن ایستوزی نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ پولیس نے حملہ آور کو گرفتار کر کے ہتھکڑیاں لگائیں تو وہ بلند آواز سے اللہ اکبر کہتا رہا۔ البتہ انہوں نے مزید تفصیلات سے آگاہ نہیں کیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ حملے میں 3 افراد کی ہلاکت ہوئی ہے جب کہ کئی زخمی بھی ہوئے ہیں۔فرانس میں یہ واقعہ ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب رواں ماہ ہی فرانس میں 18 سالہ نوجوان نے تاریخ کے استاد کا سر قلم کر دیا تھا۔ سیمیول پیٹی نامی استاد نے کلاس میں طلبہ کو رحمۃ العالمین حضرت محمدؐ کے کارٹونس دکھائے تھے۔فرانس کے انسدادِ دہشت گردی کے پراسیکیوٹر نے کہا ہے کہ انہوں نے اس واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔حملے کے بعد پولیس نے چرچ اور اس کے قریبی علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔ مذکورہ چرچ شہر کے مرکزی کاروباری علاقے کے قریب واقع ہے۔ایمبولینس اور فائر بریگیڈ کی گاڑیاں بھی واردات کے مقام پر پہنچیں اور سیکیورٹی فورسیس نے چرچ کو محاصرہ کرتے ہوئے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔’گارڈین’کی رپورٹ کے مطابق صدر فرانس ایمانوئل میکرون بھی نیس روانہ ہو گئے ہیں۔فوری طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا ہے کہ حالیہ حملے کی وجوہات کیا ہیں۔

سعودی :فرانسیسی قونصل خانہ کے گارڈ پر چاقو سے حملہ
جدہ : جدہ میں آج فرانسیسی قونصل خانہ کے گارڈ پر چاقو سے حملہ کرکے اسے زخمی کرنے والے سعودی شہری کو گرفتار کرلیا گیا۔ فرانس کے سفارت خانہ نے اس حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا کہ اس کو کسی صورت حق بجانب قرار نہیں دیا جاسکتا۔ فرانس میں پیغمبر اسلامؐ کے کارٹونس کی نمائش کے بعد مختلف مسلم ممالک میں احتجاج کے دوران یہ واقعہ پیش آیا ہے۔