فیفا ورلڈکپ 2026 میں نئے قوانین

   

جنیوا،3 جون (یواین آئی ) فٹبال کے عالمی ادارے فیفا نے ورلڈکپ 2026 میں کئی نئے قوانین متعارف کروانے کی تصدیق کردی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق امریکہ، میکسیکو اورکینیڈا میں ہونے والے فیفا ورلڈکپ کے آغاز سے چند روز قبل فیفا اور انٹرنیشنل فٹبال اسوسی ایشن بورڈ (آئی ایف اے بی) نے کھیل کے قوانین میں اہم تبدیلیوں کا اعلان کردیا ہے ۔ یہ نئے قواعد ورلڈ کپ کے دوران ہی نافذ العمل ہوں گے اور بعد ازاں2026-27 سیزن کا بھی حصہ بنیں گے ۔ نئے قوانین کے مطابق اگرکوئی کھلاڑی جان بوجھ کر تھرو اِن یا گول کِک لینے میں پانچ سیکنڈ سے زیادہ تاخیرکرے گا تو مخالف ٹیم کو فائدہ دیا جائے گا۔ اسی طرح میچ کے دوران فزیو سے علاج کروانے والے کھلاڑی کو ایک منٹ تک میدان سے باہر رہنا ہوگا، البتہ گول کیپرز اور بعض مخصوص صورتوں میں استثنیٰ دیا گیا ہے ۔ فیفا کے چیف ریفری آفیسر پیئرلویجی کولینا کے مطابق ان تبدیلیوں کا مقصد وقت ضائع کرنے کی حوصلہ شکنی، کھیل کی رفتار میں اضافہ اور شائقین کے تجربے کو بہتر بنانا ہے ۔ نئے ضوابط کے تحت جھگڑے یا تنازعہ کے دوران منہ ڈھانپ کر جملے کسنے والے کھلاڑی کو ریڈ کارڈ بھی دکھایا جا سکتا ہے ۔ وی اے آر کے اختیارات میں بھی توسیع کی گئی ہے جس کے تحت کارنر کک کے فیصلے اور دوسرے یلو کارڈ کے نتیجے میں ہونے والی برطرفی پر ری ویو لیا جاسکے گا۔