قانونی اُمور کی انجام دہی میں رکاوٹ ، ملزم جیل منتقل
کتھلاپور۔ 17 جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کتھلا پور پولیس نے پولیس اہلکاروں کے ساتھ بدتمیزی کرنے اور ان کے سرکاری فرائض کی انجام دہی میں رکاوٹ ڈالنے کے الزام میں ایک شخص کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے اسے گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق کتھلا پور گاؤں میں جھگڑے کی اطلاع موصول ہونے پر افسران فوری طور پر موقع پر پہنچے۔ پولیس اہلکاروں نے صورتحال کو قابو میں کرنے اور جھگڑے کی وجہ جاننے کی کوشش کی تاہم اسی دوران کتھلاپور گاؤں کے رہائشی شمبھوجی پون کمار نے مبینہ طور پر نشے کی حالت میں پولیس اہلکاروں کے ساتھ غیرمناسب رویہ اختیار کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ شخص نے اہلکاروں کے ساتھ تلخ کلامی کی انہیں دھکے دیئے اور سرکاری فرائض کی انجام دہی میں رکاوٹ پیدا کی۔ پولیس نے اس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا اور پتھر ملزم کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا گیا جہاں عدالت نے 14 روزہ عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیا۔ اس موقع پر سب انسپکٹر روی کرن نے عوام سے اپیل کی کہ وہ قانون کا احترام کریں۔