کالیشورم پر سی بی آئی تحقیقات ضروری، صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑکی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔6۔ مئی (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ قومی اور ریاستی سطح پر پارٹی اور عوام کے مفادات کے مطابق سیاسی پالیسی طئے کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی سطح پر سی پی ایم سے دوستی برقرار ہے جبکہ کیرالا میں سی پی ایم اور کانگریس کا انتخابی مقابلہ ہے ۔ گاندھی بھون میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ کیرالا میں سی پی ایم زیر قیادت حکومت کی عدم کارکردگی کے نتیجہ میں الیکشن میں کانگریس زیر قیادت یو ڈی ایف کے حق میں عوام نے فیصلہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیرالا میں کانگریس کی قیادت میں جلد حکومت تشکیل پائے گی اور انتخابی وعدوں پر عمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹاملناڈو میں کانگریس نے ڈی ایم کے کے ساتھ مل کر انتخابات میں حصہ لیا تھا ، ریاست میں سیکولر اور جمہوری طاقتوں کو مستحکم کرنے کیلئے کانگریس نے فلمسٹار وجئے کی ٹی وی کے پارٹی کی تائید کا فیصلہ کیا ہے۔ مرکزی وزیر بنڈی سنجے پر تنقید کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ کانگریس حکومت پر کالیشورم کے معاملہ میں تنقید سے قبل بنڈی سنجے کو سی بی آئی جانچ کیلئے مرکز سے نمائندگی کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت کالیشورم پراجکٹ میں بے قاعدگیوں کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کیلئے تیار ہے اور سی بی آئی کو مکتوب روانہ کر کے 8 ماہ مکمل ہوچکے ہیں لیکن آج تک مرکزی حکومت نے کوئی کارروائی نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس اور بی جے پی میں خفیہ مفاہمت کے نتیجہ میں سی بی آئی تحقیقات سے گریز کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر کئی بدعنوانیوں میں ملوث ہے۔ پاسپورٹ اسکام اور اراضی معاملات میں کے ٹی آر کا نام شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے ٹی آر کو ریونت ریڈی اور راہول گاندھی پر تنقید کا اخلاقی حق حاصل نہیں۔ 1/k/m/b
تلنگانہ تحریک میں کے ٹی آر کا کوئی دخل نہیں ہے لیکن انہوں نے 10 برسوں تک تلنگانہ کے نام پر خود کو اقتدار میں شامل رکھا۔ دلت کو تلنگانہ کا چیف منسٹر بنانے کا وعدہ کیا گیا تھا۔ کے سی آر دور حکومت کی بے قاعدگیاں وقتاً فوقتاً منظر عام پر آرہی ہیں۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ کانگریس پارٹی تمام طبقات کی یکساں طور پر بھلائی اور ترقی کے عہد پر قائم ہے۔ یہی وجہ ہے کہ حکومت نے مختلف طبقات کے کارپوریشنوں پر تقررات عمل میں لائے ہیں۔1/k