ہنمکنڈہ میں درخواست سے عہدیدار چوکس
حیدرآباد۔/9 جنوری، ( سیاست نیوز) کانگریس حکومت کی 6 ضمانتوں کیلئے ریاست بھر میں ایک کروڑ سے زائد درخواستیں داخل کی گئیں لیکن ہنمکنڈہ ضلع میں بھگوان شیوا اور ان کے افراد خاندان بھی درخواست گذاروں میں شامل ہیں۔ عہدیداروں کو یہ دیکھ کر حیرت ہوئی کہ درخواست میں جو متارم موضع میں داخل کی گئی وہ لارڈ شیوا کی جانب سے ہے۔ نہ صرف شیوا بلکہ ان کے افراد خاندان پاروتی، ونائیک اور کمار سوامی کے نام درخواست میں درج کئے گئے۔ یہ درخواست وینکٹ سریندر ریڈی نامی شخص نے ابھئے ہستم کے تحت چھ ضمانتوں کے حصول کے مقصد سے داخل کی ہے۔ اس نے اپنی اہلیہ کا نام پاروتی رکھا ہے اور دو بچوں کے نام ونائیک اور کمار سوامی رکھے گئے جو لارڈ شیوا کا مکمل خاندان ہے۔ درخواست فارم کے تحت مفت برقی، مکان کی تعمیر کیلئے امداد، رعیتو بھروسہ امداد اور اندراماں اسکیم کے تحت اراضی کی درخواست کی گئی۔ سوشیل میڈیا میں یہ درخواست جیسے ہی وائرل ہوئی عہدیداروں نے اس درخواست کو جانچ کیلئے الگ کردیا ہے۔ بتایا گیا کہ مکمل جانچ کے بعد حکام فیصلہ کریں گے۔1