لہیہ،10ستمبر(یو این آئی) ماحولیاتی کارکن سونم وانگچک نے ایپکس باڈی کے ساتھ چہارشنبہ کے روز لہیہ میں 35 روزہ بھوک ہڑتال شروع کرنے کا اعلان کیا۔ یہ احتجاج لداخ کے لئے ریاستی درجہ اور آئین کے چھٹے شیڈول میں شمولیت کے مطالبہ کے سلسلے میں کیا گیا ہے ۔بھوک ہڑتال کے آغاز سے قبل ایک بین المذاہب دعا کی تقریب منعقد کی گئی جس میں امن اور عدم تشدد کے پیغام کو اجاگر کیا گیا۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وانگچک نے کہا کہ ہمیں اپنی تحریک کو مزید تیز کرنے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے کیونکہ گذشتہ دو ماہ سے مرکزی وزارت داخلہ نے میٹنگ نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت سے بات چیت تقریباً دو ماہ قبل اس مقام پر پہنچی تھی جہاں اصل مطالبات پر گفتگو شروع ہونے والی تھی، لیکن اس کے بعد کوئی میٹنگ نہیں بلائی گئی۔ سونم وانگچک نے کہا کہ عنقریب لہیہ ہل کونسل کے انتخابات ہونے جا رہے ہیں اور بھارتیہ جنتا پارٹی نے پچھلے کونسل انتخابات کے دوران لداخ کو چھٹے شیڈول کا درجہ دینے کا وعدہ کیا تھا۔