لوک سبھا الیکشن : 16 امیدواروں کی تعلیمی قابلیت گریجویشن سے کم

   

10 کروڑ سے زیادہ اثاثہ جات رکھنے والے 34 امیدوار، فورم فار گوڈ گورننس کی رپورٹ

حیدرآباد۔ یکم؍ مئی (سیاست نیوز) فورم فار گوڈ گورننس کے ذمہ داروں نے بتایا کہ ریاست کے 17 لوک سبھا حلقوں پر مقابلہ کرنے والے امیدواروں میں چار اہم جماعتوں کے جملہ 53 امیدوار اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔ ان میں 34 امیدواروں پر جرائم کے مقدمات ہیں۔ جن میں کانگریس کے 12، بی جے پی کے 12 اور بی آر ایس کے 9 اور ساتھ ہی مجلس کا ایک امیدوار شامل ہے۔ فورم فار گوڈ گورننس کے صدر ایم پدماناب ریڈی نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے یہ بات بتائی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس، بی آر ایس، بی جے پی اور مجلس کے 53 امیدواروں کے حلف ناموں کا جائزہ لینے کے بعد اس بات کا پتہ چلا۔ ان کے خلاف جرائم، تعلیمی قابلیت اور اثاثہ جات کے بارے میں معلومات فراہم ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 17 لوک سبھا حلقوں میں جملہ 525 امیدوار مقابلہ کررہے ہیں جہاں سکندرآباد میں سب سے زیادہ 45 امیدوار میدان میں ہیں۔ ایک حلقہ میں اوسطاً 30 امیدوار میدان میں ہیں جن میں پوسٹ گریجویشن کی تعلیم مکمل کرنے والے 24، گریجویٹ کی تعلیم مکمل کرنے والے 12 امیدوار شامل ہیں۔ گریجویشن سے کم تعلیم حاصل کرنے والے 16 امیدوار بھی اس دوڑ میں شامل ہیں۔ 10 کروڑ سے زیادہ اثاثہ جات رکھنے والوں میں کانگریس سے 11، بی جے پی سے 12، بی آر ایس سے 10 اور مجلس سے ایک امیدوار شامل ہیں۔ کانگریس پارٹی نے جہاں 3 خواتین کو ٹکٹ دیا ہے وہیں بی جے پی اور بی آر ایس نے 2 ، 2 خواتین کو ٹکٹ دیئے ہیں۔ 2