سیاسی مفاد کیلئے پُرامن فضاء کو متاثر کرنے کی کوشش کا الزام ۔ جوبلی ہلز میں کے ٹی آر کا خطاب
حیدرآباد۔/2 مئی، ( سیاست نیوز) بی آر ایس ورکنگ صدر کے ٹی راما راؤ نے حیدرآباد کو ہندو ۔ مسلم اتحاد کا گہوارہ قرار دیا اور کہا کہ فرقہ پرست بی جے پی سیاسی مفاد کیلئے پُرامن شہر کی فضاء کو مکدر بنانے کی کوشش کررہی ہے اور اس کا مقابلہ صرف بی آر ایس کرسکتی ہے۔ کے ٹی آر نے آج اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز میں سکندرآباد لوک سبھا امیدوار پدما راؤ گوڑ کی انتخابی مہم میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر مقامی رکن اسمبلی ایم گوپی ناتھ، سابق رکن اسمبلی پی وشنو وردھن ریڈی، شیخ عبداللہ سہیل و دیگر موجود تھے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات ملک کیلئے انتہائی اہم ہیں، دیش اور دستور دونوں خطرہ میں ہیں۔ اگر بی جے پی کو کامیاب بنایا گیا تو وہ متنازعہ فیصلے کرکے سماج کے تمام طبقات کیلئے مشکلات پیدا کرسکتی ہے۔ بی آر ایس پارٹی ہی بی جے پی کا مقابلہ کرسکتی ہے۔ اسمبلی انتخابات میں بی آر ایس نے بی جے پی کے فرقہ پرست قائدین کو شکست دی ہے۔ لوک سبھا انتخابات میں بھی بی آر ایس بی جے پی کے فرقہ پرست قائدین کو دوبارہ سبق سکھائے گی۔ اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں سے وہ اپیل کرتے ہیں کہ لوک سبھا انتخابات میں بی آر ایس کی تائید کریں۔ بی آر ایس کے سربراہ کے سی آر فرقہ پرستوں کے سامنے کبھی جھکتے نہیں۔ اگر سمجھوتہ کرتے تو کویتا جیل میں نہیں ہوتیں۔ بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ ڈی اروند بار بار یہ کہہ رہے ہیں کہ لوک سبھا انتخابات کے بعد چیف منسٹر ریونت ریڈی کانگریس کے ارکان اسمبلی کے ساتھ بی جے پی میں شامل ہوں گے۔ چیف منسٹر یا کانگریس کے قائدین اس طرح کے بیانات کی تردید نہیں کررہے ہیں۔ 2