لڑکیوں کی تعلیم حکومت کی اولین ترجیح : سرینواس ریڈی

   

محبوب نگر ۔ 18 جولائی ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) گورنمنٹ وہپ، محبوب نگر ایم ایل اے ینم سرینواسا ریڈی نے کہا کہ حکومت لڑکیوں کی تعلیم کو اولین ترجیح دیتی ہے۔ انہوں نے 25لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کیے جانے والے اضافی کلاس رومز کا این ٹی آر ڈگری کالج میں سنگ بنیاد رکھا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایم ایل اے نے کہا کہ حکومت کا بنیادی ہدف طلباء کو بہتر تعلیمی ماحول فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کالج میں طلباء کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر موجودہ کلاس رومز ناکافی ہیں جس کی وجہ سے نئے کلاس رومز بنائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس تعمیر کی تکمیل کے بعد طلباء کو کشادہ اور آرام دہ کلاس روم دستیاب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ طلباء کے مستقبل کیلئے دیش پانڈے فاؤنڈیشن کے زیراہتمام کالج میں اسکل ڈیولپمنٹ کو خصوصی ترجیح دی جارہی ہے۔ تربیتی مراکز کے قیام کے ساتھ ساتھ اسکل ڈویلپمنٹ یونیورسٹی کے قیام کیلئے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ بی ایس سی کے ساتھ دیگر کورسز کے طلباء کو کمپیوٹر کا علم حاصل کرنے کیلئے کمپیوٹر، سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ طلباء کو ٹاسک سینٹر کے ذریعے مختلف زبانیں سیکھنے کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں اور مختصر مدت کے تربیتی کورسز بھی دستیاب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر لڑکیوں کو تعلیم میں بلا تاخیر یکساں مواقع فراہم کیے جائیں تو وہ بڑی ہو کر خاندان اور معاشرے کا اثاثہ بنیں گی۔