محبوب نگر :ایک مسلم نوجوان کو پولیس کی زدوکوبی

   

واقعہ کیخلاف مختلف سیاسی و سماجی قائدین کی ڈی ایس پی و سرکل انسپکٹر سے نمائندگی
محبوب نگر۔ 3 اکتوبر ۔ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) 2 اکتوبر کی شب حبیب نگر علاقے میں ایک نوجوان، جس کی شناخت فیاض کے نام سے ہوئی ہے کے ساتھ ون ٹاؤن پولیس اسٹیشن سے وابستہ دو نوجوانوں کی جانب سے مبینہ طور پر بدسلوکی اور مارپیٹ کے واقعہ کی اطلاع ملنے پر مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں کے قائدین نے پولیس حکام سے ملاقات کرتے ہوئے واقعہ پر شدید ردِعمل کا اظہار کیا۔مائنارٹی رائٹس جوائنٹ ایکشن کمیٹی اور ملی محاذ کے قائدین محمد حنیف احمد، محمد خلیل، کامریڈ محمد احمد علی، ثناء محمد، تقی حسین تقی، عبداللہ ایڈوکیٹ، محمد معیز، کانگریس کے حافظ امیر نقشبندی، محمد مجیب، مقامی کارپوریٹر محمد واجد، محمد مقصود اور بی آر ایس قائدین پر مشتمل وفد نے ڈی ایس پی محبوب نگر اور سرکل انسپکٹر سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی۔قائدین نے پولیس حکام کے سامنے واقعہ کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے مبینہ طور پر ملوث کانسٹیبل کے خلاف فوری کارروائی کرنے اور انہیں معطل کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے ساتھ پولیس کا رویہ قانون اور ضابطے کے مطابق ہونا چاہیے اور کسی بھی شکایت کی صورت میں غیر جانب دارانہ تحقیقات کے بعد مناسب کارروائی کی جانی چاہیے۔اسی دوران دیگرقائدین جابر بن سعید الجابری، مقصود بن احمد ذاکر ایڈوکیٹ، سید سعادت اللہ حسینی، عبدالرشید مشتاق، ، عمران شریف کارپوریٹر اور محمد جہانگیر قادری، شیخ محبوب سابق کونسلران نے بھی ڈی ایس پی دفتر پہنچ کر ڈی ایس پی سے ملاقات کی اور واقعہ کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرتے ہوئے مبینہ طور پر ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ڈی ایس پی محبوب نگر نے قائدین کو یقین دلایا کہ واقعہ کی آزادانہ اور غیر جانب دارانہ تحقیقات کروائی جائیں گی اور تحقیقات کی بنیاد پر قانون کے مطابق مناسب کارروائی کی جائے گی۔اس موقع پر دیگر محمد امیر نقشبندی ،محمد زبیر، عبدالمعبود ، محمد مجیب ، محمد راہل سلیم محمد ابرار ، شیوا و دیگر سیاسی و سماجی قائدین بھی موجود تھے۔