محکمہ اقلیتی بہبود کی تلنگانہ وقف بورڈ کو نوٹس

   

مئی 2023 کے بورڈ اجلاس میں منظور قرار دادوں کی نقول پیش کرنے کی ہدایت
حیدرآباد 16 جنوری (سیاست نیوز) محکمہ اقلیتی بہبود نے تلنگانہ وقف بورڈ کو نوٹس جاری کرکے چیف اکزیکیٹیو آفیسر کو ہدایت دی کہ وہ 31 مئی 2023 کو ہوئے وقف بورڈ اجلاس میں منظور قرار داد کی نقول اور تمام تفصیلات حکومت کو روانہ کریں ۔ سیکریٹری محکمہ اقلیتی بہبودجناب سید عمر جلیل سے 10 جنوری 2024 کو جاری نوٹس میں 31 مئی کے اجلاس میں جو کہ صدرنشین وقف بورڈ کو تفویض اختیارات کیلئے منعقد ہوا تھا منظور کی گئی قرار دادنمبر3میں موجود تفصیلات طلب کی ہیں۔ نوٹس میں چیف اکزیکیٹیو آفیسر کو ہدایت دی گئی کہ صدرنشین کو دیئے گئے اختیار میں بعض نکات کے متعلق تفصیلی جواز پیش کئے جائیں کیونکہ محکمہ اقلیتی بہبود کو موصول شکایت میں ادعا کیا گیا کہ وقف بورڈ سے سابق صدرنشین جناب مسیح اللہ خان کو تفویض اختیارات کے معاملہ میں بورڈ نے وقف ایکٹ کے خلاف فیصلہ کرکے قرارداد منظوری کی تھی اور کئی امور جو کہ وقف ایکٹ کے مطابق بورڈ کے زیر نگرانی ہونے چاہئے تھے ان کو بھی بورڈ نے صدرنشین کے حوالہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا ۔ وقف بورڈ کے متعلق حکومت سے جاری اقدامات اور کاروائی پر کہا جار ہا ہے کہ محمد افضل الدین دکھنی نے اس قرارداد میں مخالف ایکٹ فیصلوں کی نشاندہی کرکے باضابطہ تحریری شکایت کی تھی ۔ اس شکایت کی بناء پر محکمہ اقلیتی بہبود سے وقف بورڈ کو نوٹس جاری کی گئی اور اس کا جواب وقف بورڈ سی ای او سے محکمہ کو روانہ کئے جانے کے بعد ہی فیصلہ کیا جائے گا کہ وقف بورڈ سے صدرنشین بورڈ کو تفویض اختیارات قوانین وقف کے مطابق ہیں یا نہیں اور اگر یہ فیصلہ وقف ایکٹ کے خلاف کیا گیا تو حکومت سے بورڈ کے خلاف کاروائی کی جاسکتی ہے ۔3