مردم شماری 2027 کے تحت خودشماری کا گورنر شیوپرتاپ شکلا نے افتتاح کیا

,

   

ریاست کے پہلے شہری کی حیثیت سے تفصیلات درج ، ریاست کی ترقی میں مردم شماری کا اہم رول، عوام سے حصہ لینے کی اپیل
حیدرآباد۔ 26 اپریل (سیاست نیوز) گورنر تلنگانہ شیوپرتاپ شکلا نے مردم شماری 2027 کے تحت لوک بھون میں سیلف اینومریشن یعنی خود شماری مہم کا افتتاح کیا اور سرکاری آن لائن پورٹل پر اپنی تفصیلات درج کرائیں۔ گورنر نے تلنگانہ کے پہلے شہری کی حیثیت سے اپنی تفصیلات کو درج کرایا تاکہ عوام کو اس مہم میں حصہ لینے کی ترغیب دی جاسکے۔ ڈائرکٹر سینسیس بھارتی ہولیکری، کمشنر جی ایچ ایم سی آر وی کرنن اور دیگر عہدیداروں نے گورنر کو خود شماری کی آن لائن سہولت کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ گورنر نے مردم شماری 2027 کا تلنگانہ میں رسمی طور پر افتتاح کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس مہم میں حصہ لے کر اپنی تفصیلات درج کرائیں۔ گورنر نے کہا کہ مردم شماری ایک اہم قومی مہم ہے جس کے ذریعہ آبادی سے متعلق جامع تصویر حاصل کی جاسکتی ہے جس میں ہر شعبہ کی سماجی اور معاشی صورتحال کا پتہ چلے گا۔ انہوں نے کہا کہ مردم شماری کے ذریعہ بہتر منصوبہ بندی، گوڈ گورننس اور وسائل کی یکساں تقسیم کے لئے منصوبہ بندی میں مدد ملے گی۔ سماج کے ہر طبقہ کو ترقیاتی فوائد پہنچانے میں مددگار ثابت ہوگا۔ گورنر نے کہا کہ تعلیم، روزگار، ہیلت کیئر، ہاوزنگ اور انفرااسٹرکچر کے بارے میں پالیسی تیار کرنے میں حکومت کو مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ مردم شماری کی تفصیلات کے ذریعہ فلاحی پروگراموں پر موثر عمل آوری ممکن ہے اور یہ قومی ترقی میں مددگار ہوگا۔ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد یہ پہلی مردم شماری ہے اور گورنر نے کہا کہ مردم شماری ریاست کی مستقبل کی ترقی میں اہم رول ادا کریگی۔ مردم شماری کے ذریعہ حقیقی آبادی اور عوام کی صورتحال پر حقیقی معلومات حاصل ہوں گی۔ گورنر نے کہا کہ عوام 10 مئی تک خود شماری میں حصہ لے سکتے ہیں جبکہ 11 مئی تا 9 جون شمار کنندہ گھر گھر پہنچ کر تفصیلات حاصل کریں گے۔ گورنر نے کہا کہ خود شماری کا مرحلہ خود انہوں نے مکمل کیا ہے اور یہ انتہائی آسان اور موثر ہے۔ انہوں نے تلنگانہ عوام سے اپیل کی کہ اس مہم میں شامل ہوں اور مردم شماری سے متعلق عہدیداروں سے تعاون کریں۔ 1؍F