وقت کی بچت کے ساتھ درست معلومات کی فراہمی میں آسانی ، /10 مئی آخری تاریخ ، شہریوں سے استفادہ کی اپیل : کلکٹر
سنگاریڈی 3 مئی (ساست ڈسٹرکٹ نیوز) سنگاریڈی ضلع کلکٹر پرتیک جین نے کہا ہے کہ 2027 کی مردم شماری کے سلسلے میں حکومت کی جانب سے متعارف کردہ ’’سیلف اینومریشن‘‘ (خود اندراج) نظام عوام کے لیے ایک آسان، تیز اور مؤثر سہولت ہے، جس کے ذریعے شہری اپنے خاندان کی مکمل تفصیلات خود آن لائن درج کر سکتے ہیں. ضلع کلکٹر نے واضح کیا کہ خود اندراج کی آخری تاریخ 10 مئی مقرر کی گئی ہے، لہٰذا ضلع کے تمام شہری اس مقررہ مدت سے قبل اپنی معلومات درج کر لیں تاکہ بعد میں کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ اس طریقہ کار سے نہ صرف وقت کی بچت ہوگی بلکہ معلومات کی درستگی میں بھی اضافہ ہوگا، کیونکہ شہری اپنی تفصیلات خود فراہم کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ خود اندراج کے لیے سب سے پہلے https://se.census.gov.in ویب سائٹ کھولنی ہوگی۔ اس کے بعد ’’Self Enumeration (HLO)‘‘ سیکشن میں جا کر ریاست تلنگانہ منتخب کریں، کیپچا درج کر کے ’’Verify & Proceed‘‘ پر کلک کریں۔ بعد ازاں گھر کے سربراہ کا نام اور موبائل نمبر درج کرنا ہوگا۔ ایک خاندان کے لیے صرف ایک ہی موبائل نمبر استعمال کیا جائے گا۔ موبائل پر موصول ہونے والا OTP درج کر کے تصدیق مکمل کی جائے گی۔ پھر مطلوبہ زبان منتخب کر کے ضلع، گاؤں یا شہر اور پن کوڈ کی تفصیلات فراہم کرنی ہوں گی۔ ضلع کلکٹر نے بتایا کہ موبائل فون میں لوکیشن آن کر کے نقشے پر اپنے گھر کا درست مقام نشان زد کرنا لازمی ہوگا۔ اس کے بعد گھرانے سے متعلق 33 سوالات کے جوابات درج کرنے ہوں گے۔ تمام معلومات مکمل ہونے کے بعد ’’Preview‘‘ میں تفصیلات کا جائزہ لے کر ’’Submit‘‘ کرنا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ درخواست جمع کروانے کے بعد ’’H‘‘ سے شروع ہونے والا 11 ہندسوں پر مشتمل SE ID جاری کیا جائے گا، جسے اسکرین شاٹ یا نوٹ کی صورت میں محفوظ رکھنا ضروری ہے۔ 11 مئی کے بعد جب مردم شماری کے اہلکار گھروں کا دورہ کریں گے تو یہی SE ID دکھا کر معلومات کی تصدیق کرائی جا سکے گی. سنگاریڈی ضلع کلکٹر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس اہم سرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور مقررہ آخری تاریخ سے قبل اپنی معلومات خود درج کر کے ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔