مردم شماری کے بارے میں عوام میں شعور بیداری کی ضرورت: مہیش کمار گوڑ

   

حیدرآباد ضلع کانگریس کمیٹی کا اجلاس، اقلیتوں کو بی سی ای زمرہ میں نام درج کرانے کی اپیل

حیدرآباد۔/3 نومبر، ( سیاست نیوز) صدرپردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے حیدرآباد ضلع سے تعلق رکھنے والے کانگریس کارکنوں کو ہدایت دی ہے کہ طبقاتی مردم شماری کی کامیابی میں اہم رول ادا کریں اور عوام میں شعور بیداری کے ذریعہ مردم شماری کے مرحلہ کو کامیاب کریں۔ حکومت نے تلنگانہ بی سی کمیشن کی نگرانی میں 6 نومبر سے ریاست گیر سطح پر ذات پات پر مبنی مردم شماری کے آغاز کا فیصلہ کیا ہے۔ حیدرآباد ضلع کانگریس کمیٹی صدر محمد سمیر ولی اللہ کی صدارت میں حیدرآباد کے قائدین کا اجلاس منعقد ہوا جس میں حیدرآباد ضلع میں مردم شماری میں عوام کی حصہ داری کو یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ سماجی انصاف کیلئے ملک بھر میں طبقاتی مردم شماری کی ضرورت ہے تاکہ آبادی کے اعتبار سے ملک کے وسائل میں حصہ داری دی جاسکے۔ کانگریس قائد راہول گاندھی نے ملک بھر میں مردم شماری کی تجویز پیش کی اور کانگریس زیر اقتدار ریاستوں میں اس کا آغاز کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کانگریس کمیٹیوں کی جانب سے دانشوروں، سیول سوسائٹی، طلباء کے نمائندوں اور کمیونٹی لیڈرس کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے مردم شماری کی کامیابی کے سلسلہ میں تجاویز حاصل کی گئیں۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ قائدین کو بہتر تال میل کے ذریعہ مردم شماری کے عہدیداروں سے تعاون کرنا چاہیئے۔ صدر ضلع کانگریس کمیٹی سمیر ولی اللہ نے کہا کہ حیدرآباد میں مردم شماری کو صد فیصد کامیابی سے ہمکنار کیا جائے گا تاکہ سرکاری اسکیمات میں مختلف طبقات کی حصہ داری میں اضافہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ بی سی ای زمرہ میں سماجی اور معاشی طور پر پسماندہ 14 طبقات کو شامل کیا گیا ہے جن کا تعلق مسلم اقلیت سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرانے شہر میں 70 فیصد مسلم آبادی ہے اور انہیں بی سی ای زمرہ کے تحت اپنے نام اور تفصیلات درج کرانا چاہیئے۔ بی سی ای زمرہ کے تحت شیخ، سدی، لبی، ترکاکاشا، فقیر، مسلم دھوبی، گوسنگی مسلم، نائی مسلم اور درویش طبقات کو بی سی ای زمرہ میں شامل کیا گیا ہے۔ سید، پٹھان، شیعہ اور دیگر او سی طبقات جنہیں بی سی ای زمرہ میں شامل نہیں کیا گیا وہ اپنی علحدہ شناخت رکھ سکتے ہیں۔ حکومت کو سروے کے مطابق فلاحی اسکیمات طئے کرنے میں مدد ملے گی۔ سمیر ولی اللہ نے پرانے شہر میں طبقاتی مردم شماری سے متعلق شعور بیداری مہم کا اعلان کیا ۔1