مسلم مذہبی عمائدین کے ساتھ پولیس کمشنر کا اجلاس

   

عیدالاضحی کے دوران سکیورٹی انتظامات ، عوامی تعاون اور امن کی برقراری کا جائزہ

نظام آباد۔ 5 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)عیدالاضحی کو پُرامن اور خوشگوار ماحول میں منانے کے پیش نظر پولیس کمشنر پی سائی چیتنیا کی زیر صدارت مسلم مذہبی عمائدین اور مساجد کمیٹیوں کے صدور ارکان کے ساتھ ایک اہم کوآرڈینیشن اجلاس پولیس دفتر کے کمانڈ کنٹرول ہال نظام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں عیدالاضحی کے دوران کیے جانے والے سیکورٹی انتظامات، عوامی تعاون اور امن و امان کی برقراری سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پولیس کمشنر سائی چیتنیا نے کہا کہ عیدالاضحی جیسے اہم عید کو باہمی احترام اور بھائی چارہ کے ساتھ منانا سماجی یکجہتی کی علامت ہے۔ انہوں نے عوام کو ہدایت دی کہ کسی بھی قسم کی افواہوں اور غلط اطلاعات سے ہوشیار رہیں، بالخصوص سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی بے بنیاد خبروں پر یقین نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی مشتبہ اطلاع کی صورت میں فوری طور پر قریبی پولیس اسٹیشن یا متعلقہ عہدیداروں کو آگاہ کریں۔انہوں نے بتایا کہ نماز گاہوں اور عبادت گاہوں کے قریب خصوصی پولیس بندوبست کیا جائے گا، جبکہ اہم مقامات پر سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعہ مسلسل نگرانی رکھی جائے گی۔ ٹریفک مسائل سے بچاؤ کے لیے بھی خصوصی اقدامات کیے جائیں گے اور عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کرتے ہوئے پولیس سے تعاون کریں۔اجلاس میں مسلم عمائدین نے پولیس کے اقدامات کو سراہتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ وہ امن و امان کی برقراری میں بھرپور تعاون کریں گے اور عوام میں بیداری پیدا کرتے ہوئے تہوار کو پُرسکون ماحول میں منانے کے لیے کوشش کریں گے۔ اس موقع پر متعلقہ ہدایات اور احتیاطی تدابیر سے بھی آگاہ کیا گیا اور شرکاء کی آراء و تجاویز حاصل کی گئیں۔اس اجلاس میں اے سی پی اے پرکاش، ٹریفک اے سی پی سید مستان علی، اسپیشل برانچ انسپکٹر شری دھر ریڈی، ٹاؤن سرکل انسپکٹر سرینواس راج، ٹاؤن ون ایس ایچ او رگھوپتی، رورل سرکل انسپکٹر سرینواس، ستیش کمار، درپلی سرکل انسپکٹر بھکشپتی، دیگر پولیس عہدیداران، مسلم عمائدین، قریشی برادری کے ذمہ داران کارپوریٹرس اور دیگر معززین نے شرکت کی۔