مسلم گھرانوں کو شادی اسلامی طریقے سے کرنے کی تلقین

   

سیاست اور ملت فنڈ کا دو بہ دو پروگرام، والدین و سرپرستوں کی شرکت، مختلف شخصیتوں کا خطاب

حیدرآباد 27 اکٹوبر (سیاست نیوز) روزنامہ سیاست اور ملت فنڈ کے زیراہتمام آصف نگر رائل ریجنسی گارڈن میں 137 واں دو بہ دو ملاقات والدین و سرپرستوں کے لئے لڑکوں اور لڑکیوں کے رشتوں کے لئے رکھا گیا جس کا آغاز 11 بجے دن تا 4 بجے شام تک جاری رہا۔ پروگرام میں والدین نے شہر کے دور دراز مقامات سے شریک ہوکر رجسٹریشن کروایا اور باہمی مشاورت کرتے ہوئے دیکھے گئے۔ جناب اصغر علی خان اور جناب فخر علی خان فرزندان جناب ظہیرالدین علی خان مرحوم نے پروگرام کا تفصیلی جائزہ لیا۔ والدین اِن سے بھی مشاورت کرتے ہوئے دیکھے گئے۔ قاری الیاس باشاہ کی قرأت کلام پاک سے دو بہ دو پروگرام کا آغاز ہوا۔ ڈاکٹر ناظم علی، قاری الیاس باشاہ، غلام محی الدین فاروق، محمد احمد شہ نشین پر موجود تھے۔ ڈاکٹر ناظم علی نے والدین و سرپرستوں پر زور دیا کہ موجودہ دور میں مسلم معاشرہ غیروں کے مذاہب کے رسومات، افکار و خیالات کو اپنی زندگیوں میں اپنارہا ہے جس کی وجہ سے وہ نت نئے مسائل میں مبتلا ہے۔ اس لئے ہمارے معاشرے کی تطہیر کے لئے ضروری ہے کہ قرآن، حدیث اور سیرت سرور عالم ﷺ کی حیات طیبہ کو اپنائیں۔ اُنھوں نے کہاکہ زندگی کے جتنے شعبہ جات ہیں جن میں نکاح، رشتہ ازدواج سے منسلک ہونا یہ تقدس کا حامل شعبہ ہے۔ جناب الیاس باشاہ نے کہاکہ والدین لڑکا ہو یا لڑکی کے رشتہ کی تلاش میں پریشان ہیں اور رشتہ دار، دوست و احباب کو خوش کرنے کے لئے شادی بیاہ میں غیر اسلامی اُمور کو اپنایا جارہا ہے۔ رشتہ دار، دوست احباب کو خوش کرنے کے لئے قرض لے کر شادیاں انجام دی جارہی ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ اعلیٰ تعلیم، معیاری شادی، اعلیٰ تنخواہیں، گھر ذاتی نہ ہونا یہ شادی اور اچھے و معیاری رشتہ میں رکاوٹ پیدا کررہا ہے۔ جبکہ اسلام نے فضول خرچی کے بارے میں یہ بات کہہ دی کہ فضول خرچ لوگ شیطان کے بھائی ہوا کرتے ہیں۔ اس واضح اشارہ کے باوجود دیکھا گیا کہ ہم اپنے آپ کو شیطان کا بھائی ہونا پسند کررہے ہیں اور فضول خرچی کرتے جارہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ کشمیر میں مسلم گھرانے شادی اسلامی طریقے پر کرنے سے خوشی کا اظہار کرتے ہیں۔ جناب صالح بن عبداللہ باحازق نے والدین اور سرپرستوں کا خیرمقدم کیا اور کہاکہ سیاست اور ملت فنڈ نے والدین کے لئے اس پروگرام کے ذریعہ اپنے لڑکوں اور لڑکیوں کے انتخاب میں آسانی پیدا کی ہے جس کا سلسلہ عرصہ دراز سے جناب زاہد علی خان ایڈیٹر روزنامہ سیاست کی نگرانی میں جاری ہے۔ اب تک 132 دو بہ دو پروگرام ہوچکے ہیں جس میں کئی ہزار لڑکیوں کو سہاگ کی نعمت سے جوڑا گیا۔ انجینئرنگ کاؤنٹر کے دریعہ ایسے لڑکے جو ملک اور بیرونی ممالک میں بڑی بڑی کمپنیوں میں اعلیٰ عہدوں و معیاری تنخواہ یافت ہیں اُن کے والدین نے بھی اس پروگرام سے استفادہ کیا جن میں بیرونی ممالک دوحہ قطر، عمان، آسٹریلیا، امریکہ، کینیڈا، انگلینڈ، سعودی عرب، دوبئی، انڈومان نکوبار کے علاوہ دیگر کئی ممالک کمپنیوں میں روزگار فراہم کرتے ہوئے بڑی ماہانہ یافت حاصل کررہے ہیں۔ جنھیں ان ممالک میں رہنے کے لئے فیملی ویزے بھی ہیں۔ اس انجینئرنگ کاؤنٹر، سیول انجینئر، میکانیکل انجینئر اور دوسرے فنی کورسیس سے وابستہ نوجوانوں کے والدین نے بھی رشتہ کی تلاش میں بائیو ڈاٹا دیتے ہوئے دیکھے گئے۔ جن کے لئے رجسٹریشن فیس 1000/- روپئے ایک سال میعاد کے ساتھ رکھی گئی ہے۔ اس کے علاوہ والدین نے آن لائن رجسٹریشن بھی کروایا تاکہ گھر بیٹھے من پسند رشتے کمپیوٹر پر گھر بیٹھے آسانی کے ساتھ دیکھ سکیں۔ آج کے اس دو بہ دو ملاقات میں جناب حیات حسین حبیب، سید سلیم الدین، جناب محسن بن علی اور دوسرے والدین نے اس سہولت پر اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور کہاکہ اس طرح کے پروگرام شہر کے دیگر محلہ جات میں بھی رکھے جائیں۔ پروگرام میں ایس ایس سی، انٹرمیڈیٹ، گریجویشن، پوسٹ گریجویشن، ایم بی بی ایس، ٹکنیکل، بی ڈی ایس، فزیوتھراپی کے علاوہ ڈپلوما کورسیس، تاخیر سے شادی، عقدثانی، حافظ و عالم اور دیگر زمروں کے رشتوں کے کاؤنٹرس رکھے گئے جس میں والدین و سرپرستوں نے سوپر وائزرس اور والینٹرس سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے رشتوں کی تلاش میں پیشکش کرتے ہوئے دیکھے گئے۔ رجسٹریشن کاؤنٹرس اور تعلیمی اعتبار سے مختلف کاؤنٹرس پر خواتین سوپر وائزرس اور والینٹرس کی بڑی تعداد کے ساتھ انتظامات عامر، عثمان، مظہر، احمد، منصور اور نظام الدین لئیق اور دوسروں نے حصہ لیا۔ اس پروگرام کو راست طور پر فیس بُک، انسٹا گرام، یو ٹیوب، سیاست ٹی وی کے ذریعہ ٹیلی کاسٹ کیا گیا جسے شہر حیدرآباد و سکندرآباد کے علاوہ ملک اور بیرونی ممالک میں مقیم افراد نے دیکھا اور اُنھوں نے اپنے تاثرات میں دو بہ دو پروگرام کی سراہنا کرتے ہوئے منتظمین کو دلی مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر سیاست اور ملت فنڈ نے رائل ریجنسی گارڈن کے مالکین جناب سعید بن محمد القعیطی، جناب فیصل بن علی القعیطی سے جناب خالد محی الدین اسد کوآرڈی نیٹر پروگرام نے اظہار تشکر کیا جن کے تعاون سے یہ پروگرام منعقد کیا جاسکا۔ پروگرام میں یہ اعلان کیا گیا کہ جو والدین اپنے لڑکوں اور لڑکیوں کے رشتے دیکھنے کے خواہاں ہیں وہ روزانہ دفتر روزنامہ سیاست کے احاطہ دفتر ملت فنڈ پر صبح 10 بجے دن تا 4 بجے شام لڑکوں اور لڑکیوں کے بائیو ڈاٹاس کا ملاحظہ کرسکتے ہیں انھیں اپنے ہمراہ شناختی کارڈ رکھنا ہوگا۔ دو بہ دو پروگرام 4 بجے شام تک جاری رہا۔