لکھنو : 8 اکٹوبر (ایجنسیز) لکھنؤ میں واقع دارالعلوم ندوۃ العلماء کے پرنسپل اور معروف اسلامی اسکالر مولانا سعید الرحمن اعظمی ندوی کا 7 اکتوبر کی دوپہر تقریباً 3 بجے انتقال ہو گیا۔ ان کی عمر تقریباً 94 برس تھی۔ مولانا سعید الرحمن اعظمی ندوی طویل عرصے تک دارالعلوم ندوۃ العلماء سے وابستہ رہے۔ انہوں نے یہیں سے تعلیم حاصل کی اور بعد میں بچوں کو پڑھانے کا کام بھی کیا۔ وہ ادارے کے پرنسپل بھی رہے۔ اترپردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’فیس بک‘ پر ندوہ دورے کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ لکھنؤ کے ندوہ کالج کے پرنسپل، ہر دلعزیز مولانا سعید الرحمن اعظمی صاحب کی ہم سب کے درمیان سے ہمیشہ کے لیے رخصتی کی خبر انتہائی غمگین کرنے والی ہے۔ ایسا محسوس ہو رہا ہے جیسے اپنوں کی انجمن سے ایک انصاف پسند اور نہایت نیک انسان ہمیشہ کے لیے کہیں چلا گیا ہو۔