مغربی بنگال کے بعد تلنگانہ بی جے پی کے نشانہ پر : مہیش کمار گوڑ

   

پولیٹیکل افیرس کمیٹی کا اجلاس، SIR مہم پر توجہ دینے کی ہدایت
حیدرآباد ۔29۔ مئی (سیاست نیوز) پردیش کانگریس کی پولیٹکل افیرس کمیٹی کا اجلاس آج گاندھی بھون میں منعقد ہوا۔ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے صدارت کی۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی ، اے آئی سی سی انچارج میناکشی نٹراجن ، اے آئی سی سی سکریٹری سچن ساونت ، ریاستی وزراء اتم کمار ریڈی ، محمد اظہرالدین ، کانگریس ورکنگ کمیٹی کے ارکان دامودر راج نرسمہا اور دوسروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں پارٹی کے تنظیمی استحکام اور الیکشن کمیشن کی جانب سے ایس آئی آر مہم کا جائزہ لیا گیا۔ مہیش کمار گوڑ نے خطاب کرتے ہوئے قائدین پر زور دیا کہ حکومت کی فلاحی اسکیمات کی بہتر انداز میں تشہیر کریں تاکہ عوام تک اسکیمات کے فوائد پہنچ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ تنظیم کے استحکام کے سلسلہ میں ضلع کانگریس صدور کا انتخاب مکمل ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کانگریس کمیٹیوں کو ایس آئی آر مہم کے سلسلہ میں رہنمایانہ خطوط جاری کئے جارہے ہیں۔ ہر ضلع میں ضلع اور منڈل سطحی کمیٹیوں کو مہم کے بارے میں چوکسی اختیار کرنی چاہئے ۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ بی جے پی حکومت ایس آئی آر مہم کے ذریعہ سیکولر ووٹ بینک کو ختم کرنا چاہتی ہے۔ سیکولر رائے دہندوں اور مخالف بی جے پی ووٹرس کے نام فہرست سے حذف کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس کے حامیوں کے نام فہرست رائے دہندگان سے حذف کرنے کیلئے بی جے پی سازش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مغربی بنگال کے اسمبلی نتائج سے سبق حاصل کرتے ہوئے کانگریس قائدین کو چوکس ہونا پڑے گا ۔ 92 لاکھ ووٹ مغربی بنگال میں حذف کئے گئے جس کے نتیجہ میں بی جے پی کو کامیابی ملی۔ انہوں نے کہا کہ محض 30 لاکھ ووٹرس نے حکومت کی تبدیلی میں اہم رول ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ مغربی بنگال کے بعد پنجاب اور تلنگانہ بی جے پی کے نشانہ پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بوتھ سطح کے ایجنٹس کے طور پر قابل اور متحرک کارکنوں کو متعین کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بوتھ سطح سے ریاستی سطح تک پارٹی کے استحکام پر توجہ مرکوز کی جائے۔ میناکشی نٹراجن اور چیف منسٹر ریونت ریڈی نے خطاب کرتے ہوئے قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ ایس آئی آر مہم پر توجہ مرکوز کریں اور حکومت کے فلاحی اسکیمات کے بارے میں بنیادی سطح تک شعور بیدار کریں۔1/k/m/b