متاثرین کو جلد انصاف فراہم کیا جائے ۔ سنگاریڈی میں بیداری پروگرام سے ضلع ایس پی کا خطاب
سنگاریڈی ۔12 جون ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) سنگاریڈی ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) پریتوش پنکج آئی پی ایس نے ہدایت دی ہے کہ زیر تفتیش تمام مقدمات کی معیاری اور تیز رفتار تحقیقات مکمل کرتے ہوئے متاثرین کو انصاف فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سڑک حادثات، مالی جرائم اور آن لائن دھوکہ دہی کے بارے میں عوام میں شعور اجاگر کرنے کیلئے خصوصی بیداری پروگرام منعقد کیے جائیں ۔ ضلع پولیس ہیڈکوارٹر سنگاریڈی میں منعقدہ ماہانہ کرائم ریویو میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے ایس پی نے مختلف جرائم، لاپتہ افراد اور زیرِ التوا وارنٹ کیسوں کی پیشرفت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ طویل عرصے سے زیرالتوا مقدمات کے تصفیے کیلئے خصوصی منصوبہ بندی کی جائے اور اگر تفتیش کے دوران کسی قسم کی دشواری پیش آئے تو انویسٹی گیشن سپورٹ سینٹر کی خدمات حاصل کی جائیں۔ایس پی نے کہا کہ پولیس اسٹیشن آنے والے شکایت کنندگان کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آیا جائے اور انہیں مکمل اعتماد فراہم کیا جائے۔ انہوں نے تمام ایس ایچ اوز کو ہدایت دی کہ اپنے اپنے علاقوں کے ہر گاؤں کیلئے ایک ولیج پولیس افسر مقرر کریں جو مقامی سطح پر معلومات جمع کرنے، مشتبہ افراد اور عادی مجرموں کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے اور امن و امان کے قیام میں مؤثر کردار ادا کرے۔انہوں نے خواتین کی حفاظت، سڑک حادثات کی روک تھام، مالی جرائم اور سائبر فراڈ کے بارے میں عوامی آگاہی مہمات چلانے پر زور دیا۔ ساتھ ہی سب ڈیویژنل پولیس افسران کو کمیونٹی کانٹیکٹ پروگرام منعقد کرنے اور سماج دشمن سرگرمیوں کی روک تھام کیلئے عوامی تعاون حاصل کرنے کی ہدایت دی۔ ایس پی نے جرائم کی روک تھام اور ان کے سراغ میں سی سی ٹی وی کیمروں کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ دیہاتوں کے داخلی و خارجی راستوں، عبادت گاہوں، صنعتی علاقوں، ڈھابوں، پٹرول پمپوں اور دیگر اہم مقامات پر کمیونٹی سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کے لیے عوام اور مختلف تنظیموں کو آگاہ کیا جائے۔اجلاس کے دوران مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس افسران اور اہلکاروں کو نقد انعامات اور تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔بعد ازاں ایس پی نے پولیس گاڑیوں کا معائنہ کرتے ہوئے ڈرائیوروں کو ہدایت دی کہ تمام گاڑیوں کی بروقت سرویسنگ کرائی جائے اور انہیں مکمل طور پر فعال حالت میں رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہنگامی حالات میں استعمال ہونے والی ضروری کٹس ہر وقت گاڑیوں میں موجود ہونی چاہئیں۔ گاڑیوں کو صاف ستھرا رکھنے والے ڈرائیوروں کیلئے بھی انعامات کا اعلان کیا گیا۔اس اجلاس میں ایڈیشنل ایس پی چیتنیہ ریڈی، مختلف ڈپٹی سپرنٹنڈنٹس آف پولیس، انسپکٹران، سب انسپکٹران اور ضلع پولیس کے دیگر افسران و عہدیداروں نے شرکت کی۔