ملازمین کی ہیلت اسکیم کے تحت 354 خانگی ہاسپٹلس میں علاج کی سہولت

   

ایمپلائز ہیلت اسکیم پر ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا کا جائزہ اجلاس، عہدیداروں کو موثر عمل آوری کی ہدایت

حیدرآباد۔ 6 ستمبر (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ ملازمین کی ہیلت اسکیم پر موثر انداز میں عمل آوری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ اندراماں عوامی حکومت کے قیام کے بعد ملازمین کی بھلائی اور ان کے حقوق کی ادائیگی کے لئے حکومت اقدامات کررہی ہے۔ پرجابھون میں بھٹی وکرامارکا نے ایمپلائز ہیلت اسکیم ٹرسٹ بورڈ کے ارکان اور عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ چیف سکریٹری سنجے جاجو کے ہمراہ منعقدہ اس اجلاس میں بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ حکومت نے سرکاری ملازمین، ان کے افراد خاندان اور ان کے زیر کفالت افراد کی صحت کے تحفظ کے لئے ہیلت اسکیم متعارف کی ہے۔ ملازمین کو ہیلت کارڈ جاری کئے گئے جس کے تحت وہ سرکاری اور کارپوریٹ ہاسپٹلس میں مفت علاج کی سہولت سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسکیم کی تیاری سے قبل ملازمین کی یونینوں سے مشاورت کرتے ہوئے ان کی تجاویز کو شامل کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ ایمپلائز ہیلت اسکیم کے تحت 354 خانگی ہاسپٹلس شامل ہیں۔ اس کے علاوہ مزید ہاسپٹلس بھی اس پیانل میں شامل کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عہدیداروں اور ہاسپٹلس کو اسکیم پر موثر عمل آوری کو یقینی بنانا چاہئے۔ اسکیم کے بارے میں کسی بھی غفلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اجلاس میں چیف سکریٹری کے علاوہ اسپیشل چیف سکریٹری مہیش دت ایکا، سکریٹری میڈیکل اینڈ ہیلت کرسٹینا چونگٹو، سکریٹری ہوم یوگیتا رانا، ہیلت اسکیم کے سی ای او ہنمنت اور ملازمین کی تنظیموں کے نمائندے شریک تھے۔ 1؍F