بھٹی وکرامارکا کی اپیل، ملک کیلئے گاندھی خاندان کی خدمات مثالی
حیدرآباد۔/9 نومبر، ( سیاست نیوز) سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ ملک کو فرقہ پرست طاقتوں کے چنگل سے بچانے کیلئے کانگریس کارکنوں کو متحرک ہونا چاہیئے۔ کانگریس پارٹی کے ٹریننگ کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ فرقہ پرست طاقتوں نے اپنے ناپاک عزائم کی تکمیل کیلئے ملک پر عملاً کنٹرول کرلیا ہے ایسی طاقتوں سے ملک کا تحفظ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ کانگریس کارکنوں کو چاہیئے کہ وہ عوام کے درمیان پہنچ کر فرقہ پرستوں کے عزائم سے واقف کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکز میں بی جے پی اور تلنگانہ میں ٹی آر ایس کی لوٹ جاری ہے اور دونوں پارٹیاں ایک دوسرے کی حلیف کے طور پر برقرار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکز اور ریاست کو بی جے پی اور ٹی آر ایس سے نجات دلانے کی ضرورت ہے۔ بھٹی وکرامارکا نے کہاکہ کسی بھی سیاسی جماعت کیلئے ڈسپلن اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔ سیاسی جماعتوں میں افراد اور قائدین آتے اور جاتے رہتے ہیں لیکن کارکن پارٹی کی طاقت ہوتے ہیں۔ کانگریس نے ملک کے تمام طبقات کو متحد کیا ہے۔ کمزور طبقات کو تحفظات کی فراہمی کانگریس کا کارنامہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض پارٹیاں کانگریس پارٹی کے خلاف بے بنیاد مہم چلارہی ہیں۔ صدر کانگریس سونیا گاندھی نے عوام کی خدمت کیلئے وزیر اعظم کے عہدہ کو ٹھکرا دیا تھا۔ ملک کیلئے اندرا گاندھی خاندان کی قربانیوں کی مثال اور خاندان پیش نہیں کرسکتا۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں کو مشورہ دیا کہ وہ عوام کو کانگریس سے وابستہ کرنے کیلئے رکنیت سازی مہم میں حصہ لیں۔ر