300 کروڑ روپئے کی تاحال شراب فروخت ، سٹہ کی اطلاعات پر پولیس الرٹ
حیدرآباد ۔ 2 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : اسمبلی حلقہ منوگوڑ کے صمنی انتخاب میں سٹہ عروج پر پہونچ گیا ہے ۔ 100 کروڑ تک سٹہ لگانے کا اندازہ کیا جارہا ہے تاحال 300 کروڑ روپئے کی شراب فروخت ہوگئی ہے ۔ انتخابی مہم اختتام کو پہونچنے کے بعد تینوں اہم سیاسی جماعتیں ٹی آر ایس ، بی جے پی اور کانگریس کی جانب سے اپنی ساری توجہ پول مینجمنٹ پر مرکوز کرچکی ہیں ۔ انتخابی مہم چلانے والے تینوں جماعتوں کے غیر مقامی قائدین اسمبلی حلقہ منوگوڑ چھوڑ کر چلے گئے ۔ تاہم رائے دہندوں کو پولنگ مراکز تک پہونچانے کی ذمہ داری مقامی قائدین کو سونپی گئی ہے ۔ چند قائدین شہر کے مقامات میں موجود ہوٹلوں میں قیام کرتے ہوئے پارٹی قائدین سے ٹیلی فون پر رابطے میں ہیں اور انہیں خصوصی ہدایتیں دینے کا بھی علم ہوا ہے ۔ دوسری طرف سٹہ باز بھی سرگرم ہوگئے ہیں اور امیدواروں کی کامیابی ، کامیاب ہونے والے امیدوار کی اکثریت کونسے امیدوار کو کتنے ووٹ حاصل ہوں گے ۔ راونڈ راونڈ کے ووٹوں کی گنتی پر بھی کروڑہا روپئے کی بولیاں لگائی جارہی ہے ۔ جس طرح آئی پی ایل میں سٹہ چلتا ہے وہی سب کچھ منوگوڑ کے ضمنی انتخاب میں دیکھا جارہا ہے ۔ سٹہ چلانے والے بوکیز شہر کے ہوٹلوں میں کیمپ کئے ہوئے ہیں اور اپنے ایجنٹس کے ذریعہ چکر چلاتے ہوئے بھاری رقم بطور اڈوانس وصول کرنے کی اطلاعات وصول ہورہی ہے ۔ یہاں تک کہ پولنگ تناسب پر بھی سٹہ لگایا جارہا ہے ۔ جیسے ہی سٹہ باز میدان میں اترنے کی اطلاع عام ہوتے ہی پولیس بھی متحرک ہوگئی ہے ۔ ٹاسک فورس ، ایس او ٹی کی جانب سے خصوصی نظر رکھی جارہی ہے ۔ اسمبلی حلقہ منوگوڑ میں شراب کو پانی کی طرح بہایا گیا ہے ۔ انتخابی شیڈول کی اجرائی کے بعد سے تاحال 160 کروڑ روپئے کی شراب فروخت ہونے کا محکمہ اکسائز کے عہدیدار اندازہ لگارہے ہیں ۔ رائے دہی کا عمل مکمل ہونے تک 200 کروڑ روپئے تک کی شراب فروخت ہونے کی توقع کی جارہی ہے ۔ عام طور پر متحدہ ضلع نلگنڈہ میں ماہانہ 132 کروڑ روپئے کی شراب فروخت ہوتی ہے ۔ تاہم اس مرتبہ 200 کروڑ روپئے کی شراب فروخت ہونے کا اندازہ لگایا جارہا ہے ۔ اسمبلی حلقہ منوگوڑ کے تقریبا 25 ہزار ووٹر شہر حیدرآباد بالخصوص مضافات میں رہتے ہیں ۔ ان کے لیے سیاسی جماعتوں کی جانب سے دعوتوں اور شراب وغیرہ کا بھی انتظام کیا جارہا ہے ۔ اگر اس کا حساب کرلیا جائے تو 300 کروڑ روپئے خرچ ہونے کا اندازہ لگایا جارہا ہے ۔۔ ن