ڈاکٹرس حیرت زدہ، تنفس کے مسائل، عوام کو محفوظ رہنے کا مشورہ
حیدرآباد۔14جنوری(سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے شہریوں میں پائی جانے والے وبائی امراض کے علاج میں ہونے والی تاخیر نے ڈاکٹرس کو بھی حیرت میں مبتلاء کیا ہواہے اور ماہر اطباء کا کہناہے کہ موسمی تبدیلی کے دوران جو کھانسی ‘ زکام اور سردی کا شکار ہوتے ہیں ان مریضوں میں یہ علامات تین ہفتہ تک دیکھی جارہی ہیں جو کہ ان کے لئے نئی ہیں۔ ڈاکٹرس کے مطابق موسمی تبدیلی کے دوران پائی جانے والی بیماریوں کو اندرون تین دن یا ایک ہفتہ ٹھیک کرلیا جاتا تھا لیکن موجودہ موسم میں ان شکایات کی طویل مدت تک برقراری شہریوں کو افاقہ ہونے میں تاخیر حیرت انگیز ہے۔ ڈاکٹرس کا کہناہے کہ موسمی تبدیلی کے سبب ہونے والے امراض میں سردی کے ساتھ تیز بخار کی شکایات بھی ریکارڈ کی جا رہی ہیں لیکن بخارپر دو تین یوم میں قابو پایا جا رہاہے جبکہ سردی کی علامات 3ہفتہ سے بھی برقرا ررہنے لگی ہیں علاوہ ازیں دونوں شہروں حیدرآبادوسکندرآباد میں مریضوں کو کھانسی کی شکایات بھی طویل مدت تک تکلیف میں مبتلاء کئے ہوئے ہے۔ عام طور پر خشک کھانسی سے 3تا5 یوم میں نجات حاصل ہوجاتی ہے لیکن دیکھا یہ جا رہاہے کہ کئی کئی دن تک مریضوں کو کھانسی میں افاقہ نہیں ہوپارہا ہے جو کہ تنفس کے مسائل کا شکار بنانے کا سبب بن رہا ہے۔ ڈاکٹر ایم ۔ راجہ راؤ سپرنٹنڈنٹ گاندھی ہاسپٹل نے بتایا کہ شہر میں جو مریض ان علامات کا شکار ہورہے ہیں ان میں 5تا 10 فیصد مریض ایسے ہیں جو کہ اعضاء شکنی کی بھی شکایات کر رہے ہیں جبکہ طویل مدت تک بخار اور سردی کے نتیجہ میں اعضاء شکنی معمول کی بات ہوتی ہے لیکن عام طور پر ایسا نہیں ہے۔مریضوں کی تعداد میں ہونے والے اضافہ کو دیکھتے ہوئے ایسا محسوس ہورہا ہے کہ شہریوں کی قوت مدافعت میں کمزوری پیدا ہونے لگی ہے جس کے نتیجہ میں وہ طویل مدت تک سردی اور دیگر وبائی امراض سے ٹھیک نہیں ہوپا رہے ہیں۔ڈاکٹرس کا کہناہے کہ بخار اور سردی کی شکایت ختم ہونے کے باوجود خشک کھانسی کی شکایات دوہفتہ تک بھی جاری رہنے لگی ہے ۔ماہر اطباء نے بتایا کہ طویل مدت تک کھانسی یا یہ علامات باقی رہنے سے کوئی سنگین مسئلہ پیش آنے کا خدشہ نہیں ہے لیکن اس کے باوجود کہا جا رہاہے کہ مسلسل کھانسی کے سبب مریضوں کے گلے میں خراش اور سردرد کی شکایت عام ہونے لگی ہے ۔سردی کے دنوں میں اس طرح کی شکایات عام ہیں لیکن شہریوں کو سردی سے محفوظ رہنے اور موسم کی تبدیلی کے اثرات سے محفوظ رہنے کی کوشش کر نی چاہئے ۔
سونیا گاندھی کیخلاف اہانت آمیز ریمارکس، ڈپٹی چیف منسٹر آندھراپردیش کے نارائن سوامی پر مقدمہ
حیدرآباد 14 جنوری (سیاست نیوز) حیدرآباد کی پولیس نے کانگریس رہنما سونیا گاندھی کے خلاف اہانت آمیز ریمارکس کرنے پر آندھراپردیش کے ڈپٹی چیف منسٹر کے نارائن سوامی کے خلاف کیس درج کیا ہے۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کے نائب صدر ملو روی کی شکایت پر کیس بیگم بازار پولیس اسٹیشن میں درج کیا گیا۔ نارائن سوامی نے سابق چیف منسٹر آندھراپردیش وائی ایس راج شیکھر ریڈی کی ہیلی کاپٹر حادثہ میں موت کے حوالہ سے سونیا گاندھی کے خلاف ریمارکس کئے تھے۔