ماؤسٹوں کے داخلہ کو روکنے اقدامات، چیک پوسٹ کا قیام اور پٹرولنگ میں شدت، مہاراشٹرا اسمبلی چناؤ کے پیش نظر منصوبہ بندی
حیدرآباد ۔یکم۔نومبر (سیاست نیوز) مہاراشٹرا اسمبلی انتخابات میں ماؤسٹوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے کیلئے تلنگانہ پولیس نے مہاراشٹرا سے متصل سرحدوں پر سخت چوکسی اختیار کرلی ہے۔ چھتیس گڑھ میں حالیہ عرصہ میں کئی انکاؤنٹرس کے واقعات پیش آئے جس میں ماؤسٹوں کے سرکردہ قائدین کی ہلاکت واقع ہوئی ہے۔ مہاراشٹرا کے گڑچیرولی ضلع میں حال ہی میں پولیس اور ماؤسٹوں کے درمیان انکاونٹر ہوا۔ اس واقعہ کے بعد تلنگانہ پولیس نے مہاراشٹرا سے متصل سرحدوں کو عملاً پولیس چوکی میں تبدیل کردیا تاکہ مہاراشٹرا سے ماؤسٹوں کے امکانی داخلہ کو روکا جاسکے۔ تلنگانہ حکومت نے مہاراشٹرا کے پرامن انتخابات کو یقینی بنانے کیلئے تعاون کا یقین دلایا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ انٹلیجنس کے ذریعہ اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ مہاراشٹرا اور چھتیس گڑھ سے ماؤسٹ تلنگانہ کا رخ کرسکتے ہیں۔ دونوں ریاستوں کے مقابلہ تلنگانہ ان کیلئے محفوظ پناہ گاہ ثابت ہوسکتی ہے۔ کمشنر پولیس راماگنڈم ایم سرینواس نے بائیں بازو انتہا پسندی سے متاثرہ اضلاع کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ مہاراشٹرا اور چھتیس گڑھ سے تعلق رکھنے والے پولیس عہدیداروں نے اجلاس میں شرکت کی جس میں سرحدی علاقوں میں چوکسی کا فیصلہ کیا گیا۔ آصف آباد ، بھوپال پلی اور دیگر علاقوں میں پولیس کو چوکس کردیا گیا ہے۔ مہاراشٹرا سے متصل تلنگانہ کے تین اضلاع میں تقریباً 200 کیلو میٹر تک مہاراشٹرا کی سرحد واقع ہیں۔ پولیس کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہے جو مہاراشٹرا کے حکام کے ساتھ بہتر تال میل کے ذریعہ پٹرولنگ انجام دیں گے ۔ انتخابی مہم میں حصہ لینے کیلئے تلنگانہ سے کئی اہم قائدین کی روانگی متوقع ہے ، لہذا اہم شخصیتوں کی سیکوریٹی پر توجہ دی جائے گی۔ سرحدی علاقوں میں چیک پوسٹ قائم کئے گئے اور جنگلاتی علاقوں میں پولیس پٹرولنگ میں اضافہ کیا گیا ۔ تینوں ریاستوں نے انٹلیجنس معلومات کے باہمی تبادلے اور مشترکہ منصوبہ بندی کا فیصلہ کیا ہے ۔ مہاراشٹرا کو غیر قانونی طور پر شراب اور نقد رقم کی منتقلی روکنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ اطلاعات کے مطابق چھتیس گڑھ اور مہاراشٹرا میں پولیس دباؤ میں اضافہ کے بعد ماؤسٹ تلنگانہ میں محفوظ مقامات کی تلاش کر رہے ہیں ۔ تلنگانہ حکومت سرحدی علاقوں کو دوبارہ ماؤسٹوں کی پناہ گاہ میں تبدیل ہونے سے روکنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے ۔ 1