مہدی پٹنم سنتوش نگر کالونی میں ڈرینیج کا پانی ‘ عوام پریشان

   

عہدیداروں اور عوامی نمائندوں سے مسلسل نمائندگیاں بے اثر
حیدرآباد۔12۔ مئی ۔حلقہ اسمبلی نامپلی کے حدود میں پاش علاقہ مہدی پٹنم کی سنتوش نگر کالونی میں مسلسل ڈرینیج کے پانی کے نتیجہ میں عوام کو شدید مشکلات کاسامنا ہے کیونکہ سنتوش نگر کالونی میں مسلسل آلودہ و گندے پانی کے بہاؤ سے مکینوں میں بے چینی پیدا ہونے لگی ہیں علاوہ ازیں پانی کی صفائی اور ڈرینیج کے مسئلہ کو دور نہ کئے جانے کے سبب سنتوش نگر کالونی ‘ مہدی پٹنم میں مچھروں کی افزائش ہونے لگی ہے ۔ شکایت کنندہ نے بتایا کہ اس سلسلہ میں متعلقہ رکن اسمبلی کے علاوہ زونل کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے ساتھ محکمہ آبرسانی و سیوریج بورڈ کے عہدیداروں کو بھی واقف کروایا جاچکا ہے لیکن مسئلہ جوں کا توں برقرار ہے ۔ اس مسئلہ کی یکسوئی کیلئے سنتوش نگر کالونی کے مکینوں نے متعدد مرتبہ ارباب مجاز سے نمائندگی کرتے ہوئے اہلیان محلہ کی مشکل صورتحال سے واقف کروایا لیکن جب کبھی یہ صورتحال پیدا ہوتی ہے اسے بہتر بنانے اقدامات کئے جاتے ہیں اور عارضی صفائی کے ذریعہ راحت پہنچادی جاتی ہے لیکن اس مسئلہ کی سنگین نوعیت کو محسوس کرکے ڈرینیج و آلودہ پانی کے سڑک پر بہاؤ کی وجوہات کا جائزہ لے کر انہیں ختم کرنے کے اقدامات ناگزیر ہیں۔ 4مئی کو وموصول شکایت میں بتایا گیا ہے کہ کالونی کے اندر موجود سڑکوں کی حالت انتہائی ناگفتہ بہ ہونے لگی ہے اور پیدل چلنا پھرنا انتہائی دشوار ہوچکا ہے۔