مہیش کمار گوڑ کی راہول گاندھی اور ملکارجن کھرگے سے ملاقات

   

ریاست کی سیاسی صورتحال اور حکومت کی فلاحی اسکیمات سے واقف کرایا
حیدرآباد۔/27 اکٹوبر، (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے نئی دہلی میں صدر آل انڈیا کانگریس کمیٹی ملکارجن کھرگے اور لوک سبھا میں قائد اپوزیشن راہول گاندھی سے ملاقات کی۔ مہیش کمار گوڑ نے دونوں قائدین کو ریاست کی تازہ ترین سیاسی صورتحال اور کانگریس حکومت کی جانب سے عمل کی جارہی فلاحی اسکیمات کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ ملکارجن کھرگے کو پارٹی کی صدارت پر کامیابی کے ساتھ دو سال کی تکمیل پر مبارکباد دیتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے امید ظاہر کی کہ ان کی قیادت میں پارٹی مہاراشٹرا اور جھارکھنڈ اسمبلی انتخابات میں شاندار کامیابی حاصل کرے گی۔ مہیش کمار گوڑ نے راہول گاندھی سے تقریباً 10 منٹ تک تلنگانہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے حکومت کی جانب سے چھ ضمانتوں پر عمل آوری اور ذات پات پر مبنی مردم شماری کے آغاز سے واقف کرایا۔ مہیش کمار گوڑ نے پردیش کانگریس کی صدارت پر 50 دن کی تکمیل کے دوران اضلاع کے دورے اور جائزہ اجلاسوں کے نتائج سے واقف کرایا۔ راہول گاندھی نے مہیش کمار گوڑ کو ضلعی سطح پر پارٹی کو مستحکم کرنے کا مشورہ دیا۔1