نئے اسمارٹ راشن کارڈس کی تقسیم ، 9 جدید سیکوریٹی فیچرس شامل

   

جعلسازی پر مکمل بریک ، اسکیان پر راشن کارڈ ہولڈرس کی تفصیل
حیدرآباد ۔ 14 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ حکومت کی جانب سے 15 اگست کے موقع پر عوام میں تقسیم کئے جانے والے نئے اسمارٹ راشن کارڈس (فوڈ سیکوریٹی کارڈس ) کی مکمل تفصیلات اور ان کا جدید ڈیزائن سامنے آگیا ہے ۔ فرضی کارڈس کی روک تھام ، شفافیت کی بالادستی اور بدعنوانیاں ختم کرنے کے لیے حکومت نے ان کارڈس کی تیاری میں 9 اقسام کی جدید ترین حفاظتی خصوصیت استعمال کی ہیں ۔ عہدیداروں کے مطابق ان اسمارٹ کارڈس تیار کرنے کے لیے وہی اعلیٰ درجے کی ٹکنالوجی استعمال کی گئی ہے جو عام طور پر نوٹس ( کرنسی ) اور پاسپورٹ جیسے انتہائی حساس اور محفوظ سرکاری اسنادات بنانے میں استعمال ہوتی ہے ۔ کارڈ کے اوپر بائیں جانب چیف منسٹر اے ریونت ریڈی اور دائیں جانب وزیر سیول سپلائز این اتم کمار ریڈی کی تصاویر چھپی ہوئی ہیں ۔ کارڈ پر راشن کارڈ نمبر ، خاندان کے سربراہ کا نام ، Fair price shop کا نمبر منڈل ، ضلع اور کارڈ ہولڈر کے گھر کا مکمل پتہ درج ہے ۔ حکومت نے تمام فوڈ سیکوریٹی کارڈس میں گھر کی خواتین کے نام بطور سربراہ خاندان چھاپے ہیں ۔ ان اسمارٹ کارڈس میں شامل کئے گئے 9 اہم حفاظتی فیچرس میں ہولوگرام ، واٹر مارک لوگو ، یووی لوگو ۔ بار کوڈ ، QR کوڈ جیسی جدید ٹکنالوجی شامل ہے ۔ اسمارٹ کارڈ کو اسکیان کرتے ہی راشن دکاندار و سرکاری عہدیدار چند سیکنڈس کے اندر مستفیدین کا تمام تر تصدیق شدہ ڈیٹا آن لائن پورٹل پر حاصل کرسکیں گے ۔ اس سے راشن کی تقسیم میں بے ضابطگیوں کا خاتمہ ہوگا اور حقیقی غریب خاندانوں تک ہی سرکاری اناج اور دیگر مراعات پہونچ سکیں گی ۔۔ 2/m/b