نابالغ لڑکی کے ساتھ مسلسل زیادتی کرنے والے شخص کو 25 سال کی سزا

   

سیم ڈیگا۔22 اگست (سیاست ڈاٹ کام) جھارکھنڈ کی ایک عدالت نے ایک 56 سالہ مجرم کو گزشتہ سال سیم ڈیگا ضلع میں ایک 16 سالہ نابالغ لڑکی کی عصمت ریزی کرنے کے الزام میں 25 سال کی سزا سنائی۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج نیرج کمار سرینواس نے چہارشنبہ کے دن اپنے فیصلے میں ملزم اسٹیالی لیس باہا پر 60 ہزار کا جرمانہ بھی عائد کیا اور اگر اس نے جرمانہ ادا نہ کیا تو اسے مزید ایک اور سال جیل میں رہنا پڑے گا۔ یہ بات سرکاری وکیل سبھاش پرساد نے بتائی۔ 26 اکٹوبر 2018ء کو ایک 16 سالہ لڑکی کی والدہ نے پولیس میں یہ شکایت درج کروائی تھی کہ شکایت کے ادخال کے 4 یا 5 ماہ قبل باہا نے اس کی لڑکی کے ساتھ زیادتی کی تھی۔ وہ اس کی لڑکی کو ڈرایا دھمکایا بھی کرتا تھا کہ اگر اس نے کسی کو یہ بات بتائی تو اس کے خطرناک نتائج ہوں گے۔ ملزم کی کرانے کی دکان بھی ہے۔ وہ لڑکی کو بسکٹ وغیرہ کا لالچ دے کر اس کی عصمت ریزی کیا کرتا تھا۔ اس طرح یہ لڑکی حاملہ ہوگئی اور اس کا ایک بچہ بھی ہے۔