کاکامیگاہارا، 5 جون (یو این آئی)جاپان میں چارکوارٹر تک جاری رہنے والے سخت اور زبردست مقابلے کے بعد جمعہ کے روز ہندوستانی خواتین ٹیم کو انڈر18ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں چین کے خلاف شوٹ آؤٹ میں 1-3 سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ چین کی خواتین ٹیم کا فائنل میں مقابلہ جاپان اورکوریا کے درمیان ہونے والے دوسرے سیمی فائنل کی فاتح ٹیم سے ہوگا۔ ہندوستانی ٹیم کے لیے نوشین ناز نے (تیسرے ) اورکرن ایکا نے (54ویں) منٹ میں گول کیے ، جبکہ لی جیان (24ویں) اور ژانگ یوزینگ ((48ویں) منٹ میں چین کے لیے گول کرنے والی کھلاڑی رہیں۔ ہندوستان نے پہلے کوارٹر میں شاندار شروعات کی اور تیسرے منٹ میں ہی پہلا گول کردیا۔ کپتان سویٹی کجور نے مڈ فیلڈ سے سرکل کے اندر ایک بہترین پاس دیا، جس پر نوشین نے تیسرے منٹ میں زوردار بیک ہینڈ شاٹ کے ذریعہ گول کر کے ہندوستان کو شروعاتی برتری دلا دی۔ دونوں ٹیموں نے مڈ فیلڈ میں اچھا کھیل دکھایا، لیکن پہلے کوارٹر میں مزید کوئی گول نہ ہو سکا۔ چین کو 21 ویں منٹ میں پنالٹی کارنر ملا لیکن فینگ جیاکسن کے ڈریگ فلک کو ہندوستانی گول کیپر مہک پریہار نے شاندار انداز میں روک لیا۔ تاہم، 24ویں منٹ میں ہندوستان کے دفاع (ڈیفنس) کی ایک غلطی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے چین کی لی جیان نے فیلڈ گول کر کے اسکور1-1 سے برابرکردیا۔تیسرے کوارٹر میں چین کو 34 ویں منٹ میں پنالٹی کارنر ملا لیکن ہندوستانی ڈیفنس نے انہیں برتری حاصل کرنے کا موقع نہیں دیا۔ 43 ویں منٹ میں ہندوستان کو بھی پنالٹی کارنر ملا، لیکن وہ اسے گول میں تبدیل نہ کر سکے اور تیسرا کوارٹر ختم ہونے تک اسکور 1-1 ہی رہا۔چوتھے کوارٹرکے 48 ویں منٹ میں چین کی ژانگ یوزینگ نے ریبونڈ پرگیند کو گول پوسٹ میں ڈال کر اپنی ٹیم کو2-1 کی برتری دلا دی لیکن یہ برتری زیادہ دیر قائم نہ رہ سکی اور54 ویں منٹ میں ہندوستان کی کرن نے پنالٹی کارنرکوگول میں بدل کر اسکور پھر سے2-2 سے برابرکردیا۔فل ٹائم تک اسکور2-2 رہنے کے بعد میچ کا فیصلہ شوٹ آؤٹ سے ہوا۔ شوٹ آؤٹ میں چین نے ہندوستان کو3-1 سے شکشت دی، جہاں ان کی گول کیپر لیو زیو نے شاندار دفاع کیا۔ چین کے لیے لو ٹونگ ٹونگ, گے چن اور گوؤ جیاکسن نے گول کیے ، جبکہ ہندوستان کی طرف سے شوٹ آؤٹ میں گول کرنے والی واحد کھلاڑی سندیپ کماری تھیں۔خواتین کا دوسرا سیمی فائنل جاپان اورکوریا کے درمیان کھیلا جائے گا۔ ہندوستانی ٹیم اب ہفتہ کے روز صبح 9:30 بجے اس میچ میں ہارنے والی ٹیم کے خلاف برونز میڈل کے لیے میدان میں اترے گی۔