نرمل پولیس کے منفرد پروگرام کو قومی ایوارڈ باعث فخر

   

خواتین و طالبات کے تحفظ کیلئے ضلع ایس پی کی موثر کارکردگی کی ستائش : ڈی جی پی
نرمل ۔14 اپریل ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) تلنگانہ ڈائرکٹر آف جنرل پولیس مسٹر شیودھر ریڈی جو کل رات نرمل پہونچے تھے ، رات شب بسری کے بعد آج صبح مختلف پروگرامس میں شرکت کے بعد حیدرآباد روانہ ہوئے ۔ افتتاحی تقاریب سے قبل نرمل پولیس گیسٹ ہاؤز میں نمائندہ سیاست سید جلیل ازہر سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر شیودھر ریڈی ڈی جی پی تلنگانہ IPS نے بتایا کہ یہ بات باعث فخر ہے کہ نرمل ضلع ایس پی ڈاکٹر جانکی شرمیلا IPS کی جانب سے شروع کئے گئے منفرد پروگرام ’’پولیس اکا ‘‘ کو قومی سطح پر باوقار SKOCH ایوارڈ حاصل ہوا ہے ۔ میں اس منفرد پروگرام پر ضلع ایس پی اور تمام خواتین پولیس عہدیداروں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔ انھوں نے کہاکہ سماج میں طالبات اور خواتین کی حفاظت میں پولیس اکائیں اہم کردار ادا کررہی ہیں ۔ انھوں نے ہدایت دی کے طالبات کے ساتھ قریبی تعلق قائم کرتے ہوئے خواتین میں اعتماد پیدا کرنے کیلئے مزید موثر انداز میں کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ پولیس اکائیں اپنی خدمات کو مزید بہتر بناکر ضلع ریاست اور محکمہ پولیس کا نام روشن کریں۔ ڈی جی پی شیودھر ریڈی نے نرمل ضلع ایس پی کی زبردست ستائش کی اور کہا کہ جانکی شرمیلا کی محنت سے قومی سطح پر SKOCH ایوارڈ حاصل ہوا ۔ اس موقع پر ضلع ایس پی ڈاکٹر جانکی شرمیلا اور پولیس کے اعلیٰ عہدیدار موجود تھے ۔ بعد ازاں ڈی جی پی نے موضع یلا پلی میں بھروسہ سنٹر کا افتتاح انجام دیا اور حیدرآباد روانہ ہوگئے ۔ قبل ازیں ڈی جی پی شیودھر ریڈی نے نرمل ضلع کے تمام پولیس اسٹیشنوں کو بلیو کولٹ اہلکاروں کو ہیلمٹ تقسیم کئے ۔ تقریباً ضلع کے 20 پولیس اسٹیشن کے لئے چالیس ہیلمٹ تقسیم کئے اور انھوں نے کہاکہ روڈ سیفٹی قوانین پر سختی سے عمل کرتے ہوئے اپنی جان کی بھی حفاظت کریں اور عوام کے لئے بھی ایک مثال قائم کرنی چاہئے ۔ اس پروگرام میں ڈی جی پی تلنگانہ مسٹر شیودھر ریڈی آئی پی ایس ، ڈاکٹر جانکی شرمیلا آئی پی ایس ، بھینسہ اے ایس پی مسٹر راجیش مینا آئی پی ایس ، نرمل اے سی پی مسٹر سائی کرن آئی پی ایس کے علاوہ ضلع نرمل کے تمام پولیس عہدیدار موجود تھے ۔