نریندر مودی کی حیدرآباد میں چندرا بابو نائیڈو اور پون کلیان سے ملاقات

   

حیدرآباد۔ 10 مئی (سیاست نیوز) وزیر اعظم نریندر مودی کی حیدرآباد میں چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو اور ڈپٹی چیف منسٹر پون کلیان سے ملاقات، سیاسی حلقوں میں موضوع بحث بن چکی ہے۔ تیسری میعاد کے لئے وزیر اعظم کی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد نریندر مودی کا یہ پہلا دورۂ حیدرآباد تھا۔ نریندر مودی کے پروگرام میں چندرا بابو نائیڈو اور پون کلیان سے ملاقات شامل نہیں تھی لیکن اچانک ان دونوں سے ملاقات کو شیڈول میں شامل کیا گیا۔ تلنگانہ کی سرزمین پر وزیر اعظم کی آندھرائی قائدین سے ملاقات پر مبصرین کی جانب سے مختلف قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں۔ چندرا بابو نائیڈو نے نریندر مودی کے دورۂ حیدرآباد کا خیرمقدم کرتے ہوئے سوشیل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ٹوئٹ کیا تھا۔ مصروف ترین دورہ کے باوجود وزیر اعظم نریندر مودی جن سینا کے سربراہ اور ڈپٹی چیف منسٹر پون کلیان کی قیام گاہ پہنچ کر عیادت کی۔ سرجری کے بعد پون کلیان حیدرآباد میں آرام کررہے ہیں۔ پون کلیان کی عیادت کے بعد نریندر مودی سیدھے چندرا بابو نائیڈو کی قیام گاہ پہنچے۔ تقریباً ایک گھنٹہ تک دونوں قائدین نے تازہ ترین سیاسی صورتحال پر بات چیت کی۔ پریڈ گراؤنڈ کے جلسہ عام سے عین قبل چندرا بابو نائیڈو سے نریندر مودی کی ملاقات پر نئی سیاسی صف بندیوں اور تلنگانہ میں بی جے پی۔ تلگودیشم اتحاد کے متحرک ہونے کی پیش قیاسی کی جارہی ہے۔1؍F