طلبہ کے مطالبات کی فوری یکسوئی کی جائے، سید انصار علی اور دیگر کا خطاب
نظام آباد۔ 24 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) دہلی کے جنتر منتر پر مختلف مطالبات کے حق میں گزشتہ کئی دنوں سے احتجاج کرنے والے طلبہ سے اظہارِ یگا نت کرتے ہوئے اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن (SIO) ضلع نظام آباد کے زیر اہتمام جمعہ کی نماز کے بعد شہر کے نہرو پارک میں پرامن دھرنا دیا گیا۔اس موقع پر ایس آئی او سٹی صدر سید انصار علی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت طلبہ کے جائز مطالبات کو فوری طور پر تسلیم کرے اور ملک بھر میں طلبہ کو درپیش مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کی آواز کو نظر انداز کرنا نہ صرف افسوسناک بلکہ جمہوری اقدار کے بھی منافی ہے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ احتجاج کرنے والے طلبہ کے خلاف درج تمام مقدمات فوری طور پر واپس لیے جائیں اور ان کے آئینی و جمہوری حقوق کا مکمل احترام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کا آئین ہر شہری کو پرامن احتجاج کا حق دیتا ہے، لہٰذا اس حق کو محدود کرنے یا دبانے کی کوئی بھی کوشش جمہوری اصولوں کے خلاف ہے۔سید انصار علی نے حکومت پر زور دیا کہ تصادم یا سخت رویہ اختیار کرنے کے بجائے طلبہ سے بات چیت کے ذریعے مسائل کا پرامن حل تلاش کیا جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر طلبہ کے مطالبات کو مسلسل نظر انداز کیا گیا تو ایس آئی او ملک گیر سطح پر مزید احتجاجی پروگرام منظم کرے گی۔دھرنے میں ایس آئی او کے ضلعی ذمہ داران، طلبہ، سماجی کارکنان اور نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کرتے ہوئے جنتر منتر پر احتجاج کرنے والے طلبہ کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔ پروگرام پُرامن ماحول میں اختتام پذیر ہوا۔