نقلی یا غیرمعیاری تخم و کھاد کی فروختگی پر کارروائی کا انتباہ

   

پرجا پالنا ، پرگتی پرنالیکا پروگرام میں ضلع کلکٹر نظام آباد ایلا ترپاٹھی کا خطاب

نظام آباد۔ 4جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کلکٹر نظام آباد ایلا ترپاٹھی نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل اور ماحول کے تحفظ کے لیے ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر فرد کو یہ سوچنا چاہیے کہ وہ معاشرے کی بہتری کے لیے کیا کردار ادا کر رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار”پراجا پالنا – پرگتی پرنالیکا” کے تحت 99 روزہ عملی منصوبہ کے ایک حصہ کے طور پر موپال منڈل کے نیالکل گاؤں میں منعقدہ گرام سبھا سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر پولیس کمشنر پی۔ سائی چیتنیا بھی مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شریک تھے۔گرام سبھا میں مختلف محکموں کے عہدیداروں نے حکومت کی فلاحی اسکیموں، خصوصی ووٹر نظرثانی مہم، فصلوں کی تبدیلی، ماحولیاتی تحفظ، صفائی، شجرکاری، سائبر جرائم سے بچاؤ، بارش کے پانی کے تحفظ، زیر زمین پانی کی سطح میں اضافہ اور ٹھوس فضلہ کے مؤثر انتظام جیسے موضوعات پر عوام میں بیداری پیدا کی۔ضلع کلکٹر ایلا ترپا ٹھی نے کہا کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے ایل نینو کے اثرات کے باعث بارشوں میں کمی کے امکانات ظاہر کیے گئے ہیں، لہٰذا کسان موسمی حالات کے مطابق موزوں فصلوں کا انتخاب کریں اور فصلوں کی تبدیلی کے طریقہ کار کو اپنائیں۔ انہوں نے زرعی ماہرین کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے معیاری بیج اور کھاد استعمال کرنے کا مشورہ دیا۔ کلکٹر نے خبردار کیا کہ نقلی یا غیر معیاری تخم و کھاد فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور ان کے لائسنس منسوخ کیے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس، محکمہ مال اور محکمہ زراعت کے اشتراک سے خصوصی ٹاسک فورس ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ایلا ترپاٹھی نے کسانوں کو ضرورت سے زیادہ کیمیائی کھادوں اور زرعی ادویات کے استعمال سے گریز کرنے اور دھان کی باقیات کو آگ نہ لگانے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس عمل سے ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ ہوتا ہے اور آنے والی نسلیں بھی متاثر ہوتی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ فصلی باقیات جلانا قانوناً جرم ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں پر 5 ہزار سے 25 ہزار روپے تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے ماحول کے تحفظ اور سبزہ کے فروغ کے لیے بڑے پیمانے پر شجرکاری کی اپیل بھی کی۔ضلع کلکٹر نے شفاف ووٹر فہرستوں کی تیاری کے لیے الیکشن کمیشن کی خصوصی ووٹر نظرثانی مہم میں تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ عوام اپنے گھروں پر آنے والے بی ایل اوز کو درست معلومات فراہم کریں۔گرام سبھا میں ضلع پنچایت عہدیدار سرینواس راؤ، خصوصی منڈل آفیسر تیروملا پرساد، اے سی پی پرکاش، ڈی ایل پی او سرینواس، ایم پی ڈی او راملو نائک، تحصیلدار ریکھا، منڈل زرعی عہدیدار مختلف محکموں کے عہدیداران اور بڑی تعداد میں دیہاتی شریک تھے۔