نلگنڈہ میں 10 ہزار اندراماں مکانات کی تقسیم کی جائیگی

   

حکومت عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کیلئے سنجیدہ ، زیرتعمیر مکان کا ریاستی وزیر کومٹ ریڈی کے ہاتھوں افتتاح

نلگنڈہ۔29 اپریل ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ریاستی وزیر عمارات و شوارع اور سنیماٹو گرافی کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ تین برسوں کے دوران نلگنڈہ حلقہ میں 10 ہزار اندراماں مکانات کی تعمیر مکمل کرکے مستحقین کو فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت عوام کو بہتر بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لیے سنجیدہ اور پابندِ عہد ہے جس کے باعث نلگنڈہ شہر میں ترقیاتی سرگرمیوں میں تیزی آئی ہے۔ریاستی وزیرنے آج نلگنڈہ مونسپل ڈیویژن 41 میں اندراماں اسکیم کے تحت سرینواس راؤ اور پدما کے زیر تعمیر مکان کا افتتاح انجام دیا۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ حکومت ہر گھر کی تعمیر کے لئے 5 لاکھ روپئے فراہم کر رہی ہے جو کہ ملک کی دیگر ریاستوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے جہاں عموماً تقریباً 1.70 لاکھ روپئے ہی دیے جاتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ نلگنڈہ شہر میں اب تک تقریباً 700 اندراما مکانات تعمیر ہوچکے ہیں جبکہ L2 اور L3 زمروں سے متعلق مسائل کو جلد کابینہ میں پیش کرکے حل کیا جائے گا۔ وزیر نے واضح کیا کہ ابتدائی طور پر 10 ہزار مکانات تعمیر کیے جائیں گے اور ضرورت پڑنے پر مزید 5 ہزار گھروں کی منظوری بھی دی جا سکتی ہے ۔ ریاستی وزیرکومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے بتایا کہ دیورکنڈہ روڈ نارکٹ پلی روڈ اور تپرتی روڈ کے علاقوں میں اندراماں کالونی کے قیام کے لیے اراضی کا معائنہ جاری ہے اور تمام پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد جلد تعمیراتی کام کا آغاز کیا جائے گا۔انہوں نے صحافیوں کے لیے اراضی کی فراہمی کے معاملے پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ماضی میں کلکٹریٹ کے عقب میں 8 ایکڑ زمین مختص کرنے کی تجویز پیش کی گئی تھی جس پر وہ جلد ضلع کلکٹر سے بات کریں گے اور ضرورت پڑنے پر معاملہ وزیر اعلیٰ کے سامنے رکھ کر صحافیوں کے لیے رہائشی سہولتیں فراہم کریں گے۔اس موقع پر میئر بوری چیتنیہ سرینواس ریڈی ، سابق میونسپل چیئرمین بوری سرینواس ریڈی ، سابق ضلع پریشدرکن گملا موہن ریڈی ، سابق نائب صدر نشین بلدیہ رمیش ، کارپوریٹرز وینو گوپال ریڈی ، کارتک اور دیگر موجود تھے۔