نیشنل اوپن رینکنگ ریسلنگ ٹورنامنٹ

   

ونیش پھوگاٹ نے لگائے سنگین الزامات

ہریانہ۔4؍مئی ( ایجنسیز) سیاست میں آنے کیلئے ریسلنگ چھوڑنے والی خاتون ریسلر ونیش پھوگاٹ ریسلنگ میں واپسی کیلئے تیار ہیں۔ تاہم اس سے پہلے، انہوں نے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ہے جس میں مقابلے کی شفافیت پر سوالیہ نشان لگایا ہے اور اس کے ساتھ کچھ ناخوشگوار ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ونیش اتر پردیش کے گونڈا میں ہونے والے نیشنل اوپن رینکنگ ریسلنگ ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والی ہیں۔ وہ خواتین کے 57 کلوگرام وزن کے زمرے میں حصہ لیں گی۔ وہ اس سے قبل 50 کلوگرام اور 53 کلوگرام زمروں میں حصہ لے چکی ہیں۔ونیش نے الزام لگایا کہ جس مقام پر یہ ٹورنامنٹ منعقد ہو رہا ہے وہ ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کے سابق سربراہ برج بھوشن شرن سنگھ کے دائرۂ اختیار میں آتا ہے۔ اس وجہ سے انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں مقابلے میں جانبدارانہ فیصلے کا خدشہ ظاہر کیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر ٹورنامنٹ کے دوران انہیں یا ان کی ٹیم کے ارکان کو کچھ بھی ہوا تو ہندوستانی حکومت ذمہ دار ہوگی۔ انہوں نے میڈیا اور اسپورٹس برادری پر زور دیا کہ وہ مقابلے کے دوران شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے مقام پر موجود رہیں۔ واضح رہے کہ ونیش اب ایک سیاست دان بھی ہیں، انہوں نے اکتوبر 2024 میں جولانہ حلقہ سے کانگریس کے ٹکٹ پر ہریانہ ریاستی اسمبلی کے انتخابات میں کامیابی حاصل کی تھی۔ ونیش نے وزن زیادہ ہونے کی وجہ سے 2024 کے پیرس اولمپک گیمز کے فائنل سے نااہل ہونے کے بعد سے مقابلہ نہیں کیا ہے۔کچھ عرصہ قبل خاتون پہلوانوں نے ان کے ساتھ جنسی زیادتی کے الزامات عائد کئے تھے۔