کاماریڈی ۔14 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ملک گیر سطح پر سنسنی پھیلانے والے نیٹ (NEET) پیپر لیک معاملہ کے خلاف کاماریڈی شہر کے اندرا گاندھی چوک پر کانگریس پارٹی قائدین کی جانب سے زبردست احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے مرکزی حکومت کا پتلا نذرِ آتش کیا۔ احتجاج یوتھ کانگریس حلقہ صدر سرینواس کی قیادت میں منعقدہ کیا گیا اس موقع پر کانگریس قائدین نے کہا کہ لاکھوں طلبہ سخت محنت کے ساتھ اپنے مستقبل کیلئے مسابقتی امتحانات کی تیاری کرتے ہیں، لیکن پیپر لیک جیسے واقعات ان کے خوابوں کو چکناچور کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیٹ امتحان طلبہ کے مستقبل کا اہم سنگ میل ہے اور اس میں پیپر لیک ہونا مرکزی حکومت کی ناکامی کا واضح ثبوت ہے۔ٹاؤن کانگریس صدر سندیپ کمار نے کہا کہ غریب اور متوسط طبقہ کے طلبہ دن رات محنت کرتے ہیں، جبکہ کچھ عناصر غیر قانونی طریقوں سے امتحانی نظام کو بدنام کر رہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پیپر لیک کے اصل ملزمین کو گرفتار کرکے سخت سزا دی جائے اور امتحانی نظام کو شفاف بنایا جائے۔احتجاجی پروگرام میں رکن بلدیہ محمد اسحاق شیرو ،محمد صدیق ،محمد یونس تلنگانہ یونیورسٹی کے گورننگ نمبر محمد غازی راجا گوڑ، گمپ پرساد، رام کمار،، گنیش، سریش، جمیل، سفیان، بشیر، رشید، گنگادھر کے علاوہ دیگر کانگریس کے کئی قائدین اور کارکنوں نے شرکت کی۔