حیدرآباد۔ یکم؍ مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ میں لوک سبھا انتخابات کی انتخابی مہم کیلئے صرف 10 دن باقی رہ گئے ہیں، تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین اپنے اپنے پارٹی امیدواروں کی انتخابی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی 30 اپریل کو تلنگانہ کا دورہ کرچکے ہیں اور وہ دوبارہ 8 اور 10 مئی کو تلنگانہ میں انتخابی مہم چلائیں گے۔ تلنگانہ بی جے پی کے صدر و مرکزی وزیر جی کشن ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں بی جے پی کی لہر چل رہی ہے۔ بی جے پی زیادہ سے زیادہ حلقوں پر کامیابی حاصل کرے گی۔ پارٹی کی انتخابی مہم میں شدت پیدا کرنے کے لئے بی جے پی کے قومی قائدین تلنگانہ کا دورہ کررہے ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی کے دورۂ تلنگانہ کو قطعیت دے دی گئی ہے۔ 8 مئی کو وزیر اعظم ویملواڑہ اور ورنگل میں منعقد ہونے والے بی جے پی کے انتخابی جلسوں سے خطاب کریں گے اور ساتھ ہی 10 مئی کو محبوب نگر کے علاوہ حیدرآباد کے ایل بی اسٹیڈیم میں منعقد ہونے والے بی جے پی کے جلسوں سے خطاب کریں گے۔ تلنگانہ بی جے پی کی جانب سے وزیر اعظم کے انتخابی جلسوں کو کامیاب بنانے کے لئے بڑے پیمانے پر تیاریاں کی جارہی ہیں۔ مقامی قائدین کو انتظامات کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔الیکشن کی تاریخ قریب آرہی ہے اور تمام جماعتیں عوام کو راغب کرنے کی بھرپور کوشش کررہے ہیں۔ 2