وزیراعظم طلبہ سے معذرت خواہی کریں : جگاریڈی

   

سنگاریڈی میں کانگریس کارکنوں کا احتجاج، نیٹ پیپر افشاء معاملہ کی تحقیقات کا مطالبہ
سنگاریڈی 23 جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ٹی پی سی سی ورکنگ صدر جگا ریڈی نے نیٹ امتحان کے مبینہ پیپر لیک معاملے پر کانگریس کی جانب سے جاری احتجاج کی حمایت میں سنگاریڈی میں پارٹی کارکنوں کے ساتھ احتجاجی ریلی نکالی۔ اس موقع پر کارکنان نے سیاہ ٹی شرٹس پہن کر احتجاج میں حصہ لیا ریلی سے خطاب کرتے ہوئے جگا ریڈی نے کہا کہ نیٹ پیپر لیک کے باعث لاکھوں طلبہ متاثر ہوئے ہیں اور اس کا سب سے زیادہ درد امتحان دینے والے طلبہ اور ان کے والدین ہی محسوس کر سکتے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ سنگاریڈی کی ایک طالبہ صفیہ بیگم نے پہلی بار نیٹ امتحان میں 444 نمبر حاصل کیے تھے،لیکن دوسری مرتبہ صرف 386 نمبر ملنے کے باعث وہ کامیاب نہ ہو سکی۔ انہوں نے اس معاملے پر وزیر اعظم نریندر مودی سے جواب طلب کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ سے معذرت کی جانی چاہیے۔انہوں نے مزید مطالبہ کیا کہ مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان استعفیٰ دیں اور نیٹ پیپر لیک معاملے کی مکمل تحقیقات کرائی جائیں۔ جگا ریڈی نے کہا کہ کانگریس اس مسئلے پر اپنا احتجاج جاری رکھے گی اور مختلف انداز میں عوامی تحریک چلائے گی۔ اپنی تقریر کے دوران انہوں نے سیاسی موضوعات پر بھی اظہار خیال کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ اندرا گاندھی اور راجیو گاندھی نے ملک کے لیے اپنی جانیں قربان کیں، اور سوال کیا کہ کیا بی جے پی میں کوئی ایسا رہنما ہے جس نے ملک کے لیے اپنی جان قربان کی ہو؟انہوں نے یہ بھی کہا کہ سونیا گاندھی نے وزیر اعظم کا عہدہ قبول کرنے کے بجائے ڈاکٹر منموہن سنگھ کو وزیر اعظم بنایا، جبکہ راہل گاندھی کو بھی اقتدار کے بجائے عوامی مسائل زیادہ عزیز ہیں اس موقع پر نرملا جگا ریڈی چیئرپرسن ٹی جی ائی ائی سی، حفیظ شیخ شفیع وائس چیئرمین بلدیہ، توپجی اننت کشن نے بھی خطاب کیا۔