اہل ووٹر کا نام خارج نہ ہو ، ایک شخص کا صرف ایک ہی ووٹ ہونا چاہئے
ناگرکرنول۔ 11 جولائی ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ناگر کرنول ضلع کے اچم پیٹ قصبہ کے دوسرے وارڈ، سائی نگر میں جاری اسپیشل اِنٹینسیو ریویژن (SIR) پروگرام کا ضلع الیکشن آفیسر و ضلع کلکٹر ہیمَنت کیشَو پاٹل نے ہفتہ کے روز معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ووٹر لسٹ کی ڈیجیٹلائزیشن اور آن لائن رجسٹریشن کے عمل کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو اہم ہدایات جاری کیں۔ اس دوران ضلع کلکٹر نے رام سنگھ نامی ووٹر کی تفصیلات خود آن لائن درج کر کے ڈیجیٹلائزیشن کا عمل مکمل کیا۔انہوں نے ہدایت دی کہ ہر درخواست کی باریک بینی سے جانچ کر کے کسی بھی قسم کی غلطی کے بغیر اندراج مکمل کیا جائے۔ ضلع کلکٹر نے ہدایت دی کہ ہر بی ایل او (BLO) روزانہ کم از کم 60 ووٹروں کی تفصیلات درج کرے۔ انہوں نے محکمہ ریونیو اور الیکشن کے حکام کو ہدایت دی کہ ضلع کے تمام اسمبلی حلقوں میں 24 جولائی تک ووٹر اندراج کا عمل مکمل کیا جائے۔ کلکٹر نے واضح کیا کہ کسی بھی اہل ووٹر کا نام غلطی سے حذف نہ ہو اور نااہل ووٹر کا نام فہرست میں باقی نہ رہے۔ اس موقع پر اچم پیٹ کے آر ڈی او یادگیری، تحصیلدار سعیدلو، بی ایل او تروپتَمّا، میونسپل حکام اور دیگر افسران موجود تھے۔