ضلع نظام آباد میں پولنگ اسٹیشن کا معائنہ، ڈائریکٹر ریاستی میونسپل ایڈمنسٹریشن سری دیوی کا خطاب
نظام آباد۔ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ انتخابی فہرست مشاہدہ کار اور ریاستی میونسپل ایڈمنسٹریشن کی ڈائرکٹر ٹی کے سری دیوی نے کہا کہ ہر اہل شہری کو لازماً حق رائے دہی حاصل ہو اور کسی بھی اہل ووٹر کا نام فہرست سے محروم نہ رہے، اس مقصد کے تحت حتمی ووٹر فہرست کی تیاری کے لیے تمام متعلقہ عہدیدار اور سیاسی جماعتیں مشترکہ طور پر ذمہ داری کے ساتھ کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری نظام میں ووٹ کی بڑی اہمیت ہے، اس لیے انتخابی فہرست کی جامع نظرثانی کے عمل کو پوری شفافیت اور مستعدی کے ساتھ انجام دیتے ہوئے اہل افراد کے نام شامل اور نااہل افراد کے نام خارج کیے جانے کو یقینی بنایا جائے۔ ٹی کے سری دیوی نے آرمور میونسپل چیئرپرسن جی لہری، ایڈیشنل کلکٹر وی بھوجنگ راؤ اور آرمور سب کلکٹر ابھیگین مالویہ کے ہمراہ آرمور اسمبلی حلقہ کے مامیڈی پلی میں واقع 39 ویں پولنگ اسٹیشن اور آرمور کے 88 ویں پولنگ مرکز کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ایس آئی آر پر عمل آوری، متعلقہ رجسٹروں میں تفصیلات کے اندراج، کتنے افراد کو نوٹس جاری کیے گئے، کتنی سماعتیں مکمل ہوئیں، تحقیقات کس طریقہ سے کی جا رہی ہیں، کون کون سے دستاویزات بطور ثبوت وصول کیے گئے، ان میپنگ ووٹروں کی تعداد اور اناملیز فہرست میں شامل ووٹروں کی تعداد سمیت مختلف امور کے بارے میں بی ایل اوز رام شنکر اور پراولیکا سے تفصیلات حاصل کیں۔ ایس آئی آر سے متعلق تمام تفصیلات کو باقاعدگی سے درج کیے جانے پر انہوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔ بعد ازاں ضلع کلکٹریٹ کمپلیکس کے کانفرنس ہال میں نظام آباد ضلع کے آرمور، نظام آباد اربن، نظام آباد رورل، بودھن، بالکنڈہ اور بانسواڑہ اسمبلی حلقوں کے انتخابی رجسٹریشن افسران (ای آر اوز) اور تسلیم شدہ سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کے ساتھ ٹی کے سری دیوی نے جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ہر اسمبلی حلقہ میں ایس آئی آر کے عمل درآمد کی صورتحال کے بارے میں ای آر اوز سے تفصیلات حاصل کیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ووٹر فہرست کی تیاری کی ذمہ داری صرف انتظامیہ یا الیکشن کمیشن کی نہیں بلکہ تمام متعلقہ فریقوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور سب کی شراکت سے ہی حقیقی معنوں میں شفاف ووٹر فہرست تیار کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے سیاسی جماعتوں کے بی ایل اے ز پر زور دیا کہ وہ فیلڈ سطح پر بی ایل اوز کے ساتھ تال میل قائم کرتے ہوئے کام کریں اور ہر اہل ووٹر کا نام فہرست میں شامل کرنے جبکہ نااہل افراد کے نام خارج ہونے کو یقینی بنانے کے لیے خلوص اور ذمہ داری کے ساتھ خدمات انجام دیں۔ اجلاس میں ایڈیشنل کلکٹر وی بھوجنگ راؤ، آرمور سب کلکٹر ابھیگین مالویہ، نظام آباد میونسپل کارپوریشن کمشنر دلیپ کمار، نظام آباد اور بانسواڑہ کے آر ڈی اوز راجندر کمار اور رویندر، کلکٹریٹ کے انتخابی شعبہ کے سپروائزر بالراجو، اے ای آر اوز، متعلقہ محکمہ جات کے عہدیدار اور تسلیم شدہ سیاسی جماعتوں کے نمائندے موجود تھے۔