ووٹر لسٹ کو اغلاط سے پاک بنانے میں عوام تعاون کریں

   

SIRکے عمل میں بھرپور حصہ لینے کی خواہش، میدک میں عوامی بیداری پروگرام سے ضلع کلکٹر کا خطاب
میدک24 جون(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)جمہوری نظام میں حقِ رائے دہی کو ایک مؤثر اور قیمتی حق قرار دیتے ہوئے ضلع کلکٹر و ضلع الیکشن آفیسر پرتیما سنگھ نے کہا کہ آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے ہر اہل شہری کا ووٹر کے طور پر اندراج ضروری ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے شروع کردہ خصوصی جامع نظرثانی پروگرام (SIR-2026)میں بھرپور حصہ لیتے ہوئے ووٹر فہرست کو مزید جامع، شفاف اور اغلاط سے پاک بنانے میں تعاون کریں۔ بدھ کی صبح ضلع الیکشن مشنری کے زیر اہتمام ایس آئی آر-2026 کے بارے میں عوامی بیداری پیدا کرنے کے مقصد سے منعقدہ 2K رن کا آغاز گورنمنٹ بوائز جونیئر کالج میدان، میدک سے کیا گیا، جسے ضلع کلکٹر نے جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ضلع کلکٹر نے کہا کہ جمہوریت کی مضبوطی ووٹر فہرست کی درستگی پر منحصر ہوتی ہے، اس لیے اہل شہری اپنے نام ووٹر فہرست میں درج کروائیں اور پہلے سے رجسٹرڈ افراد https://voters.eci.gov.inپر اپنے ناموں کی جانچ کرتے ہوئے ضروری اصلاحات، تبدیلیاں یا اندراجات کے لیے متعلقہ بوتھ لیول افسران سے رابطہ کریں۔ ضلع کلکٹر نے بتایا کہ الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق 25 جون سے 24 جولائی تک بوتھ لیول افسران گھر گھر جاکر اندراجی فارم تقسیم کریں گے اور عوام سے مکمل تعاون کی درخواست کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی اہل ووٹر کا نام فہرست سے خارج نہ ہو، اس کے لیے تمام احتیاطی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ میدک میونسپل چیئرپرسن رادھیکا بھوپتی راج نے کہا کہ مضبوط جمہوری نظام کے قیام میں یہ مہم اہم کردار ادا کرے گی اور 18 سال مکمل کرنے والے تمام نوجوان ووٹر کے طور پر اپنا اندراج کروائیں۔ بعد ازاں ضلع کو منشیات سے پاک معاشرہ بنانے کے مقصد سے محکمہ پولیس کی جانب سے قائم کردہ سیلفی پوائنٹ میں ضلع کلکٹر اور ایڈیشنل ایس پی نے شرکت کی۔