واشنگٹن، 6 جولائی (آئی اے این ایس) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نیٹو کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے ترکی کے دارالحکومت انقرہ روانہ ہوں گے، جہاں دفاعی اخراجات، رکن ممالک کے درمیان ذمہ داریوں کی منصفانہ تقسیم اور دفاعی صنعت میں تعاون اہم موضوعات ہوں گے۔ اس دوران ٹرمپ کی ترک صدر رجب طیب اردوان، یوکرین کے صدر وولودی میر زیلنسکی اور شام کے صدر احمد الشرع سے بھی الگ الگ ملاقاتیں متوقع ہیں۔وائٹ ہاؤس کی ترجمان اینا کیلی کے مطابق صدر ٹرمپ وائٹ ہاؤس سے روانہ ہوں گے اور منگل کی دوپہر انقرہ پہنچیں گے، جہاں صدر اردوان ان کا استقبال کریں گے۔ اس کے بعد سرکاری استقبالیہ تقریب، گارڈ آف آنرکا معائنہ اور دونوں رہنماؤں کے درمیان دوطرفہ مذاکرات ہوں گے۔ منگل کی شام ٹرمپ نیٹو رہنماؤں کے اعزازی عشائیہ میں شرکت کریں گے، جبکہ چہارشنبہ کے روز وہ سرکاری استقبالیہ، اجتماعی تصویر اور نیٹو رہنماؤں کے ورکنگ اجلاس میں شریک ہوں گے۔ بعد ازاں وہ زیلنسکی اور احمد الشرع سے علیحدہ ملاقاتیں کریں گے، پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے اور پھر امریکہ واپس روانہ ہو جائیں گے۔