ٹرینوں اور اسٹیشنوں پر پینے کا پانی ایک روپے سستا

   

نئی دہلی۔ 20 ستمبر (یواین آئی) ریلوے بورڈ نے ریل نیر اور ٹرینوں اور اسٹیشن کے احاطے میں فروخت ہونے والے بوتل بند پینے کے پانی کے دیگر مجاز برانڈز کی قیمتوں میں ایک روپے کی کمی کی ہدایت دی گئی ہے ۔ نظرثانی شدہ نرخوں کا اطلاق 22 ستمبر سے ہوگا۔ ہفتہ کو ریلوے بورڈ کی طرف سے جاری کردہ کمرشل سرکلر کے مطابق ریل نیر برانڈ کے پینے کے پانی کی ایک لیٹر بوتل کی زیادہ سے زیادہ قیمت15 سے 14 روپے کر دی گئی ہے اور 500 ملی لیٹر کی بوتل کی قیمت10 سے 9 روپے سے کم کر دی گئی ہے ۔یہ شرحیں آئی آر سی ٹی سی اور ریلوے ڈپارٹمنٹ کے دیگر مجاز برانڈز کے ذریعے ٹرینوں اور ریلوے احاطے میں فروخت کیے جانے والے بوتل کے پانی پر بھی لاگو ہوں گی۔ یہ سرکلر ریلوے کے تمام جنرل منیجرز اور انڈین ریلوے کیٹرنگ اینڈ ٹورازم کارپوریشن (آئی آر سی ٹی سی) کے چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر کو بھیج دیا گیا ہے ۔یہ فیصلہ اشیا اور خدمات ٹیکس کی شرحوں میں کمی کے پیش نظر کیا گیا ہے ۔
اس سے ٹرینوں اور اسٹیشنوں پر فروخت ہونے والے پانی کی قیمت تقریباً 7 سے 10 فیصد تک کم ہو جائے گی۔