تلنگانہ بھون میں ضلعی سطح کے عہدیداروں سے وزیر ٹی سرینواس کا خطاب
حیدرآباد۔ 20 اپریل (سیاست نیوز) ریاستی وزیر افزائش مویشیان، سمکیات، فروغ ڈیری اور سینیماٹوگرافی ٹی سرینواس یادو نے کہا کہ ٹی آر ایس واحد ایسی پارٹی ہے جو ایک تحریک کے طور پر ابھری اور ایک سیاسی پارٹی کی شکل اختیار کی۔ چہارشنبہ کو تلنگانہ بھون میں حیدرآباد ضلعی سطح کی ٹی آر ایس کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر چندرا شیکھر راؤ کی قیادت میں ٹی آر ایس کے تاسیس کے 21 سال مکمل ہوئے ۔ اس موقع پر رواں ماہ کی 27 تاریخ کو پارٹی کے یوم تاسیس کی تقاریب کو ہر بستی، اور ڈیویژنوں میں تہوار کے ماحول میں پرجوش منانے کی اپیل کی گئی۔ وزیر نے کہا کہ پارٹی کے یوم تاسیس کے موقع پر پارٹی صدور، کارپوریٹرس، سابق کارپوریٹرس، قائدین اور کارکنان کی بڑی تعداد تقاریب میں شرکت کرکے اسے کامیاب بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ 27 تاریخ کو یوم تاسیس کے موقع پر ایچ آئی سی سی میں ایک خصوصی پلینری منعقد کیا جائے گا اور ریاست بھر سے صرف 3000 مندوبین کو مدعو کیا جائے گا۔ اس میٹنگ میں وزیر داخلہ محمود علی، میئر وجئے لکشمی، حیدرآباد ضلع ٹی آر ایس صدر ماگنتی گوپی ناتھ، ایم ایل سی سرابھی وانی دیوی ، ایم ایس پربھاکر، ایم ایل اے دانم ناگیندر، کالیرو وینکٹیش، موٹھا گوپال، کارپوریشن کے چیرمین گزیلا ناگیش، رویلیہ سریدھر ریڈی، سابق ایم ایل سی سرینواس ریڈی ، سکندرآباد پارلیمانی حلقہ ٹی آر ایس ، انچارج تلاسانی سائی کرن یادو، سابق ڈپٹی میئر بابا فصیح الدین ، حلقہ انچارج، کارپوریٹرس، سابق کارپوریٹرس، ڈیویژن صدور اور پارٹی قائدین موجود تھے۔