کئی شعبوں میں تلنگانہ کی مثالی ترقی، وزیر فینانس ہریش راؤ کا خطاب
حیدرآباد۔/13 مارچ، ( سیاست نیوز) وزیر فینانس ہریش راؤ نے کہا کہ کے سی آر حکومت مختلف پیشوں سے وابستہ افراد کی بھلائی کیلئے اقدامات کررہی ہے۔ ہریش راؤ نے میدک ضلع کا دورہ کرکے ترقیاتی پروگراموں میں حصہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ملک کی سب سے کم عمر ریاست ہے لیکن کئی شعبوں میں دیگر ریاستوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے 33 اضلاع میں 2 کروڑ روپئے خرچ سے عصری دھوبی گھاٹ تعمیر کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی جدوجہد میں تمام طبقات اور پیشوں سے تعلق رکھنے والے افراد کے رول کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے حکومت کی تشکیل کے بعد ترقی اور فلاح و بہبود کے نئے دور کا آغاز کیا ہے۔ ہریش راؤ نے میدک جونیر کالج میدان میں دھوبیوں کی آتما گورو سبھا سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ کلیان لکشمی اسکیم سے غریب لڑکیوں کی شادی میں مدد کی جارہی ہے۔ اپریل کے پہلے ہفتہ تک 3 لاکھ افراد کو اراضی امکنہ فراہم کرنے کا منصوبہ ہے۔ ڈبل بیڈ روم مکانات اسکیم کے تحت غریبوں کو مکانات الاٹ کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نائی برہمن کو برقی مفت سربراہ کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میدک میں کمیونٹی ہال کیلئے 2 ایکر اراضی مختص کی گئی ہے۔ ایک کروڑ کے خرچ سے فنکشن ہال تعمیر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میدک شہر میں 500 بستروں کے ہاسپٹل قائم ہورہا ہے۔ میڈیکل اور نرسنگ کالج قائم کیا جائے گا۔ تلنگانہ میں کانگریس اور تلگودیشم کے 60 سالہ دور میں صرف 3 میڈیکل کالجس قائم کئے گئے جبکہ ٹی آر ایس حکومت نے 6 برسوں میں 33 میڈیکل کالجس قائم کئے ہیں۔ ہریش راؤ نے 4 کروڑ 20 لاکھ روپئے کے صرفہ سے تعمیر کئے جانے والے ایس ٹی اقامتی اسکول فار گرلز کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر رکن اسمبلی پدما دیویندر ریڈی اور دیگر قائدین موجود تھے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ تلنگانہ کے کئی اضلاع نے مثالی ترقی کا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ر