پرائیڈ انڈیا کے وینچر لیک ویو میں بڑے پیمانے پر انہدامی کارروائی

   

ہائی کورٹ کی ہدایت پر تحصیلدار کا اقدام، بنڈلہ گوڑہ اراضیات پر قبضہ جات اور تعمیر موضوع بحث

حیدرآباد۔2۔ستمبر۔(سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ کی ہدایت پر تحصیلدار نے پولیس کی نگرانی میں پرائیڈ انڈیا کے وینچر ’لیک ویو‘ بندلہ گوڑہ میں بڑے پیمانے پر انہدامی کاروائی کرتے ہوئے پلاٹس کی باؤنڈری وال کو منہدم کردیا۔صبح کی اولین ساعتوںمیں کی گئی اس کاروائی کے دوران مذکورہ وینچر میں کی گئی کاروائی کے دوران بھاری پولیس بندوبست کیاگیا تھا ۔ ’لیک ویو‘ کالونی میں فروخت کئے گئے پلاٹس پر کی جانے والی تعمیرات کے دوران ہونے والی اس کاروائی کے سلسلہ میں جسٹس ایس چلپاتی راؤ نے احکام جاری کرتے ہوئے زیر تعمیرعمارتوں کو برخواست کرتے ہوئے اراضی کی ملکیت کا مسئلہ حل ہونے تک کسی بھی طرح کے قبضہ کو باقی نہ رکھنے کی ہدایت دی تھی۔تلنگانہ ہائی کورٹ میں احمد میموریل ایجوکیشنل سوسائیٹی و دیگر کی جانب سے داخل کئے گئے مقدمہ نمبر 24537/2018 میں عدالت نے اندرون 8ہفتہ کاروائی کرتے ہوئے رپورٹ داخل کرنے کی ہدایت دی تھی جس پر محکمہ مال کے عہدیداروں نے پولیس کی مدد حاصل کرتے ہوئے اس کاروائی کو انجام دیا۔بندلہ گوڑہ کے علاقہ میں اراضیات کے قبضہ کے علاوہ تالابوں کے پشتوں میں کی جانے والی تعمیرات موضوع بحث بنی ہوئی ہیں اور ان تعمیرات کے خلاف کاروائی کا سلسلہ شروع ہونے کے بعد کہا جارہاہے کہ اب اس علاقہ کے تحفظ کے اقدامات کو تیز کردیا جائے گا۔ عدالت نے 42ایکڑ 30 گنٹہ اراضی کے تحفظ کے سلسلہ میں جاری کئے گئے احکامات میں واضح کیا کہ اس اراضی میں مزید کسی تجاوزات کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کئے جانے چاہئے ۔عدالت نے اراضی کے مالکانہ حقوق کے فیصلہ تک اراضی پر کسی بھی طرح کے تجاوزات نہیں ہونے چاہئے علاوہ ازیں مکمل اراضی کی حصار بندی کرتے ہوئے اسے محفوظ کیا جانا چاہئے ۔ درخواست گذار نے عدالت کو سیول کورٹ میں زیر دوراں مقدمات کی تفصیلات سے بھی واقف کروایا اور کہا کہ اس اراضی کے قبضہ کی حوالگی کے سلسلہ میں احکامات اور عدالت کی جانب سے عہدیداروں کو روانہ کئے جانے کے باوجود بھی رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔3