پرانا شہر کے نوجوان لڑکے لڑکیوں کیلئے فیض عام ٹرسٹ کے ضامن روزگار آئی ٹی کورسیس

   

مسجد خزانہ آب دودھ باولی میں شعور بیداری پروگرام ، نوجوانوں سے استفادہ کرنے جناب افتخار حسین و دیگر کی اپیل
حیدرآباد ۔ 14 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : نونہالان ملت میں صلاحیتوں کی کوئی کمی نہیں ہے ۔ وہ چاہیں تو اپنی محنت و لگن اور صلاحیتوں کے ذریعہ ’ کرلو دنیا مٹھی میں ‘ جیسے نعرہ کو حقیقت کا رنگ دے سکتے ہیں ۔ انہیں صرف صحیح رہنمائی و رہبری کی ضرورت ہے ۔ آج خاص طور پر پرانا شہر کے نوجوانوں کے بارے میں یہ تاثر پایا جاتا ہے کہ وہ رات دیر گئے تک جاگتے ہیں ۔ چبوتروں پر وقت گذاری کرتے ہیں ۔ حصول علم اور حصول روزگار کے معاملہ میں زیادہ دلچسپی نہیں لیتے ۔ اپنے ماں باپ پر بوجھ بنے رہتے ہیں ۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ پرانا شہر کے نوجوان ان کے بارے میں جو منفی تاثرات پائے جاتے ہیں اسے ختم کریں اس کے لیے انہیں حصول علم اور بہترین و باوقار روزگار حاصل کرنے کی کوشش کرنی چاہئے ۔ اس معاملہ میں فیض عام ٹرسٹ نے جو کوششیں شروع کی ہیں اس کے بہتر نتائج برآمد ہوئے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین نے دودھ باولی مسجد خزانہ آب میں پرانا شہر کے نوجوان لڑکے لڑکیوں میں ضامن روزگار آئی ٹی کورسیس کی مفت تربیت اور امریکہ میں آئی ٹی رکروٹمنٹ یا بالخصوص ہمارے شہر میں واقع ملٹی نیشنل کمپنیوں میں دستیاب ملازمتوں کے مواقع سے متعلق شعور بیداری پروگرام سے خطاب میں کیا ۔ اس موقع پر طلباء وطالبات خواتین و مرد حضرات کی کثیر تعداد موجود تھی ۔ واضح رہے کہ گذشتہ اتوار کو ہی دودھ باولی مسجد خزانہ آب میں عائشہ آفندی سنٹر قائم کیا گیا تھا ۔ مذکورہ پروگرام میں فیض عام ٹرسٹ کے ٹرسٹی ممبر ڈاکٹر مخدوم محی الدین ، رکن مجلس عاملہ سید حیدر علی بھی موجود تھے ۔ منیجنگ ایڈیٹر سیاست جناب ظہیر الدین علی خاں اور جناب سمیر صدیقی ( امریکہ ) نے بحیثیت مہمانان خصوصی شرکت کی ۔ جناب افتخار حسین نے اپنا سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوئے مزید کہا کہ فیض عام ٹرسٹ نے پرانا شہر کے نوجوانوں میں آئی ٹی کورسیس کی اہمیت اور ملازمتوں کے مواقع کے تعلق سے شعور بیدار کرنے کا سلسلہ شروع کیا ہے ۔ جس کے ذریعہ ہمارے بچے بچیوں کو بتا رہے ہیں کہ انفارمیشن ٹکنالوجی کے شعبہ میں ملازمتوں کے غیر معمولی مواقع ہیں اور اس کے لیے روزنامہ سیاست کے آڈیٹوریم میں ماہرین آئی ٹی کی نگرانی میں مفت تربیت کا اہتمام کیا گیا ہے ۔ انہوں نے نوجوانوں سے اس سنہری موقع سے استفادہ کرنے کی اپیل کی ہے ۔ واضح رہے کہ فیض عام ٹرسٹ ایسے طلباء و طالبات اور مرد و خواتین کے لیے جو آئی ٹی شعبہ میں پرکشش ملازمتیں حاصل کرنے کے خواہاں ہیں ۔ ایم ایس آفس ، ورڈ ، اکسیل ، پاور پائنٹ ، جاوا ، ویب ڈیولپمنٹ ، سی پروگرامنگ ، C++ جیسے ضامن روزگار کورسیس کی مفت تربیت فراہم کررہا ہے ۔ شعور بیداری پروگرام کی خاص بات فیض عام ٹرسٹ کے ٹرسٹی ڈاکٹر مخدوم محی الدین کا خطاب رہا جنہوں نے ایک پرعزم پرجوش اور زندگی میں کچھ کرنے کا خواب دیکھنے والے ایک معصوم لڑکے کی کہانی سناکر ماحول کو جذباتی کردیا ۔ اس لڑکے کی جدوجہد سے پر کہانی سے کافی لوگ متاثر ہوئے اور ان کی آنکھوں سے آنسو رواں ہوگئے ۔ خود وہ معصوم لڑکا بھی اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکا دراصل وہ لڑکا دودھ باولی مسجد خزانہ آب میں ڈاکٹر مخدوم محی الدین کی شکل میں موجود تھا ۔ بہر حال شعور بیداری پروگرام میں جناب میر مجاہد علی نے امریکہ میں آئی ٹی رکروٹمنٹ اور جناب سمیر احمد خاں نے جاوا اور دیگر اہم آئی ٹی کورسیس کے بارے میں تفصیل سے واقف کروایا اور بتایا کہ ہر سال یو ایس آئی ٹی رکروٹمنٹ ( ملازمتوں کی تعداد ) میں اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔ فیض عام ٹرسٹ کا مقصد بھی یہی ہے ۔ حال ہی میں فیض عام ٹرسٹ اور روزنامہ سیاست کی جانب سے تیار کئے گئے کم از کم 50 طلباء وطالبات کو آئی ٹی ملٹی نیشنل کمپنیوں میں ملازمتیں ملی ہیں ۔ بہر حال بہترین روزگار کے متلاشی اور اپنا مستقبل روشن بنانے کے خواہاں طلباء وطالبات مرد و خواتین ان کورسیس میں مفت داخلہ حاصل کرسکتے ہیں ۔ مزید تفصیلات کے لیے 9885270059 پر ربط کریں ۔۔